ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
حکایت حضرت شاہ سلیمان تونسویؒ : (152) فرمایا ـ حضرت شاہ سلیمان تونسوی ؒ کی حکایت ان کے سلسلہ کے ایک ثقہ راوی سے سنی ہے کہ ایک دفعہ جماعت مغرب کی اقامت ہو گئی اور اس وقت ایک شخص نے بیعت کی درخواست کی تو آپ نے جماعت چھوڑ کر اس کو بیعت کیا ـ اس میں غالبا ایک رکعت جاتی رہی ـ ان کے مرید علماء بھی تھے ـ ان کو شیخ کے اس فعل پر اعتراض ہوا ـ آخر دریافت کیا تو فرمایا کہ میرے ساتھ حق تعالی کا وعدہ ہے کہ جو تم سے بیعت ہو گا وہ نجات پائے گا اس واسطے میں نے جلدی کی کہ نماز سے فراغت تک کیا معلوم کون مرے کون زندہ رہے ـ مگر اس کو غلبہ حال پر محمول کرنا پڑے گا ـ شریعت میں ایسے واردات حجت نہیں ـ جس سے جماعت سے تخلف (1) کی اجازت ہو ـ سب سے زیادہ محبت صوفیاء سے ہے : (153) فرمایا ـ مولوی محمد اسحق صاحب برددانی نے مجھ کو لکھا کہ مجھ کو سب سے زیادہ محبت محدثین سے ہے پھر فقہاء سے پھر صوفیہ سے ـ میں نے کہا ہماری محبت کی ترتیب اس سے بالکل بالعکس ہے سب سے زیادہ صوفیہ سے کہ وہ اہل محبت ہیں ـ پھر فقہا سے کہ وہ عاقل اور منتظم بڑے ہیں ـ پھر محدثین سے کیونکہ اگر یہ حدیث نہ جمع کرتے تو فقہاء عقل و انتظام کس بناء پر صرف کرتے ـ 1 ـ مخالفت