ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
لاہور اسٹیشن پر کھانا کھانے کا واقعہ : (360) فرمایا ـ لاہور کے اسٹیشن پر میں اور حافظ احمد صاحب مہتمم مدرسہ دیوبند ہوٹل میں کھانا کھانے گئے وہاں کھانے کے لئے کرسی اور میز لگی تھی ـ میں نے کہا حافظ صاحب یہ تو ٹھیک نہیں ـ فرمایا آو ایک رکابی میں مل کر کھاویں اور پاؤں اوپر اٹھالیں ـ پھر تشبہ نہ ہوگا ـ کیونکہ وہ لوگ الگ الگ کھاتے ہیں ـ پھر حافظ صاحب تو پاؤں اٹھا کر چہار زانو کرسی پر بیٹھ گئے مگر غالبا مجھ سے نہ بنا ـ حضورؐ کو بانی اسلام کہنا درست نہیں : (361) فرمایا ـ حضورؐ کو بانی اسلام کہنا درست نہیں - یہ عیسائیوں کا محاورہ ہے وہ اسلام کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بنایا ہوا جانتے ہیں ـ یہ ان کا عقیدہ ہے اب ان سے مسلمانوں نے لے لیا ہے ـ غور نہیں کرتے یا پرواہ نہیں کرتے ـ میں تو اس لفظ پر ہمیشہ نکیر کرتا ہوں ـ رفع پریشانی کی تدبیر : (362) فرمایا ایک صاحب نے تحریر کیا ہے کہ میرا لڑکا آوارہ ہو گیا ہے مجھ کو اس کی بہت پریشانی ہے کیا تدبیر کروں میں نے جواب میں لکھدیا ہے کہ تدبیر تو کرو مگر اس پر ترتب ثمرہ کا انتظار نہ کرو ـ رفع پریشانی کی تدبیر بخیر اس کے اور کچھ نہیں ہے کہ تدبیر تو کرتا رہے مگر ترتب ثمرہ کی فکر چھوڑ دے یہ جواب نصوص کے موافق ہے کوئی مجیب آزاد مشرب ہوتا تو لکھتا کہ تدبیر ہی چھوڑ دو مگر یہ حق شفقت کے خلاف ہے باقی فکر ثمرہ سو بات یہ ہے کہ اگر محبوب سے دل لگ جاوے تو ایسی سب فکریں آپ سے آپ چھوٹ جاویں ـ