ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
اتباع سنت افضل ہے : (149) فرمایا ضامن صاحبؒ نے فرمایا کہ بعض بزرگوں کا قول ہے کہ ہر لقمہ پر اول میں بسم اللہ اور آخر میں الحمداللہ کہیں ـ پھر فرمایا کہ بہت اچھی بات ہے ـ مگر ہم کو تو یہی اچھا معلوم ہوتا ہے کہ سب کے اول میں بسم اللہ کہہ لیں اور سب کے آخر میں الحمداللہ کیوں کہ سنت میں یہی وارد ہے ـ توشع بیعت حضرت حاجی صاحبؒ : (150) فرمایا حضرت حاجی صاحبؒ بیعت میں زیادہ تنگی نہیں فرماتے تھے اور فرمایا کرتے تھے کہ بیعت تو جانبین سے مصافحہ اور دستگیری ہے ـ قیامت کے روز پیر اور مرید میں سے جو مرحوم ہو گا وہ مبغوض کو جنت کی طرف کھینچ لے گا اور مبغوض کے غلبہ کا احتمال نہیں ـ کیونکہ سبقت رحمتی علی غضبی (1) آیا ہے ـ اس واسطے بیعت میں وسعت فرماتے تھے ـ نجدی اور تصوف : (151) فرمایا ـ نجدیوں کے تسلط اور انتظام سے تو خوشی ہوتی ہے مگر تصوف کے متعلق ان سے طبیعت اکھڑ جاتی ہے گو ایک رسالہ میں انہوں نے لکھا ہے کہ ہم اس تصوف کے قائل ہیں جو کتاب و سنت کے موافق ہو ـ مگر حاصل تو اس تصوف کو بھی نہیں کرتے ـ 1 ـ میری رحمت میرے غصہ پر غالب آ گئی ـ