ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
کامذاق ہے ـ حضرت گنج مراد آبادیؒ سے پہلی ملاقات کا حال : (49) حضرت مولانا فضل الرحمن صاحبؒ ( گنج مراد آبادی ) کو اللہ تعالی نے ایک شان عطاء فرمائی تھی - میں ان کی خدمت میں دو دفعہ حاضر ہوا ہوں ـ ایک دفعہ تو لتاڑا گیا ـ کیونکہ رات کو عشاء کے بعد پہنچا تھا اور یہ کام خلاف سنت کیا ـ غرض اسباب ایک جگہ رکھ کر حجرہ کے دروازہ پر حاضر ہوا ـ خادم نے اطلاع کی تو بلایا ـ فرمایا کون ہو کہاں سے آئے ہو کیوں آ ئے ہو ـ میں نے دل میں کہا ـ اللہ خیر کرے تین سوال ایک دم سے کر ڈالے ـ میں نے کہا طالب علم ہوں کانپور سے آیا ہوں زیارت کے لئے آیا ہوں ـ فرمایا یہ زیارت کا وقت ہے تم کو خدا کا خوف نہ آیا تم کو زمین نہ نگل کئی کہ اس وقت آئے سویرے آتے تو ہم قرض دام کر کے کھانے کا انتظام کرتے ـ اب بتلاؤ کھانا کہاں سے لائیں ـ اچھا تمہارے پاس کچھ پیسے ہیں ـ میں نے عرض کیا ہیں - فرمایا بس بازار سے کچھ کھا لو اور صبح کو چلے جاؤ ـ میں فرود گاہ پر آ گیا - پھر ایک آدمی بھیجا کہ بلا لاؤ میں گیا اور ایک چٹائی پر بیٹھ گیا فرمایا یہاں آ جاؤ تخت پر بیٹھ جاؤ - پھر خادم سے پکار کر کہا ہماری لڑکی کے گھر سے کھانا لاؤ ( معلوم ہوا کہ مولانا کے گھر کھانا بچا نہ تھا ) وہ لایا اس طرح سے کہ پیالہ میں دال اور اس پر روٹی ـ فرمایا کیسا بیہودہ ہے ـ مہمان کے لئے کھانا اس طرح لایا کرتے ہیں ـ اس نے کہا دوسرا برتن نہیں ہے ـ فرمایا جھوٹ بولتا ہے طاق میں برتن تو رکھا ہے ـ ( مولانا کی کشفی حالت بہت بڑھی ہوئی تھی ) وہ برتن لایا پھر مجھے فرمایا کھانا کیا ہے ؟ میں نے کہا ارہر کی دال گیہوں کی روٹی ـ فرمایا خدا کی بڑی نعمت ہے ـ پھر فرمایا بیر کھاؤ گے ـ میں نے کہا تبرک ہے ـ پیوندی بیر لائے یہ بھی فرمایا ـ تم نے مولوی