ملفوظات حکیم الامت جلد 25 - یونیکوڈ |
|
(53) مبتدی کے لئے کشف فتنہ اور باعث پندار ہے ـ ص 42 (54) شیخ اول کے فرمودہ پر خواہ بذریعہ خواب ہو یا کشف ہو عمل اس وقت ضروری ہے جس وقت طالب کی شیخ اول کی صحبت میں تکمیل ہو گئی ہو ورنہ شیخ ثانی اس کی تمام تعلیم کا ناسخ ہوتا ہے ص 45 (55) صحت کے لئے چھ گھنٹے سونا ضروری ہے ایک دفعہ ہو یا بہ تفریق ـ ایضا (56) ذکر کے لئے کسی نشست کی قید نہیں ہے ـ ص 45 (57) عادۃ اللہ یہی ہے کہ استفادہ خاص زندوں سے ہوتا ہے ـ ص 48 (58) اولیاء اللہ سے گستاخی نہ کرنا چاہئے گو اعتقاد نہ ہو ـ ایضا (59) احیانا ذاکر کے سامنے چراغ کی لو ںظر آتی ہے جو پھر زائل ہو جاتی ہے یہ آثار ذکر سے ہے ـ ص 49 (60) اتباع سنت کا شوق دلیل محبت ہے اور درود شریف سے تنگی کے مختلف اسباب ہوتے ہیں مثلا ذاکر کی طبیعت کو کبھی کسی اور فکر سے مناسبت ہوتی ہے یا ذکر طویل سے طبیعت اکتاتی ہے ـ ص 49 (61) اتفاقا بضرورت شدیدہ کسی مہمان کی خاطر سے معمولات میں تغیر ہو جائے تو مضائقہ نہیں ہے ـ ص 50 (62) خلافت حقیقی یہ ہے کہ اپنے پیر کے رنگ میں رنگ جائے اور دوسری شرط یہ ہے کہ ظاہرا یا باطنا اس کی خواہش نہ کرے ـ ص 51 (63) اگر زیارت قبور سے پریشانی ہو تو ترک کر دے ـ ایضا (64) پان منہ میں رکھ کر ذکر یا درود شریف کے ورد کرنے کا حرج نہیں اگرچہ تمباکو بھی ہو مگر الائچی شامل کرے ـ ایضا (65) ارتکاب معاصی سے احتراز اگر مشکل ہو تو یہ مقرر کرے کہ اگر گناہ سرزد ہو گا تو پانچ سو نوافل پڑھوں گا ـ ایضا (66) اگر تلاوت قرآن سے اتنی دلچسپی ہو کہ تمام اوراد بھی ترک ہو جائیں تو حصول مقصود کے لئے معین ہو گا ـ ص 52 (67) جائز حاجتوں کے لئے مال کی خواہش حب دنیا نہیں ہے بلکہ بلا خیال حرام یا ضرورت سے زائد جمع کرنا یہ حب دنیا ہے ـ ص 53 (68) کسی طرف توجہ سے دوسری طرف توجہ کا کم ہونا کمی تعلق کی دلیل نہیں ــ ایضا