ملفوظات حکیم الامت جلد 25 - یونیکوڈ |
|
بڑے لوگوں کا کام ہے ـ غرض مولوی موسی نیک بہت ہیں اور دوسروں کو بھی نیک بنانا چاہتے ہیں ـ اپنی جماعت کے ایک صاحب مدینہ میں ہیں وہ قرض لے لینے میں بہت بے باک ہیں ـ مولوی موسی نے ان کو کئی بار منع کیا وہ نہ رکے تو آپ نے ان سے بولنا چھوڑ دیا ـ اکھڑ ایسے ہیں کہ حکومت سے بھی نہیں دبتے ـ ایک مرتبہ امیر مدینہ سے کچھ اختلاف ہو گیا اور اس کی بدولت کچھ روز جیل میں بھی رہے ـ شاید ہی کوئی مہینہ جاتا ہو کہ خط نہ بھیجتے ہوں ـ میں نے ان سے کہا تھا کہ میری طرف سے روزانہ روضئہ مبارکہ پر سلام پیش کر دیا کریں اور سلام کے صیغے بھی نہایت عجز کے لکھ دئے تھے انہوں نے لکھا ہے کہ سب خاندان کی طرف سے روزانہ سلام پیش کر دیتے ہیں ـ اناج کا آٹے سے تبادلہ اور اس کا شرعی طریقہ 51 ـ فرمایا بعضے لوگ چکی پر اناج لے جا کر آٹے سے بدل لیتے ہیں سو یہ جائز نہیں ہے اس کے جائز ہو جانے کی صورت یہ ہے کہ مثلا اناج ایک روپیہ میں چکی والے کے ہاتھ فروخت کر دے اس سے ایک روپیہ کا آٹا خرید لو ـ اس میں روپیہ لینے دینے کی بھی ضرورت نہیں صرف لفظوں ہی میں معاملہ ہو جائے گا اور جائز ہو جائے گا ـ مواعظ میں مسائل فقہیہ نہیں بیان کرنے چاہئیں 52 ـ ایک صاحب نے عرض کیا کہ یہ مسائل تو روز روز کے ہیں مگر بہت کم لوگوں کو معلوم ہیں فرمایا ایک وجہ اس کی یہ بھی ہے کہ علماء نے وعظ میں مسائل فقہیہ بیان کرنے چھوڑ دیئے ـ ورنہ روزانہ مختلف ابواب کے مسئلے معلوم ہوتے رہتے ـ مجھ کو مدت تک علماء سے یہ شکایت رہی لیکن بعد میں اسکی بھی وجہ معلوم ہو گئی ـ ایک بار میں نے یہاں لکھنؤ ہی میں ایک وعظ میں بیع صرف یعنی روپیہ بھنانے اور گوٹہ زری وغیرہ لینے کے مسائل چار پانچ بیان کر دیئے بعد میں دیکھا کہ دو آدمیوں میں اختلاف ہو رہا ہے ایک کچھ کہتا ہے کہ یوں کہا تھا اور ایک کچھ اور کہتا ہے ان میں سے ایک کو غلط یاد رہا ـ کہیں کا مبتدا اور کہیں کی خبر لے کر جوڑ دیا تھا ـ معلوم ہوا کہ کئی مسئلے بیان کرنے سے یہ خرابی ہوئی ـ عوام کو تو ثواب و عذاب ہی بتانا چاہئے ـ اور یہ تاکید کرنا چاہئے کہ مسائل پوچھ پوچھ کر عمل کر لیا کریں ـ