ملفوظات حکیم الامت جلد 25 - یونیکوڈ |
پہچان بھی نہیں سکتی ـ چنانچہ ایک مرتبہ کسی خفیہ پولیس والے پر ظاہر پولیس نے کوئی مقدمہ چلا دیا ـ بے چارہ پھنس گیا اور قریب تھا کہ قید کا حکم سنا دیا جائے ـ اس نے کہا کہ میں حاکم سے کچھ تنہائی میں کہنا چاہتا ہوں ـ تہنائی میں اپنے کاغذات وغیرہ دکھلائے ـ حاکم نے کوئی قانونی گنجائش نکال کر بری کر دیا ـ مگر خفیہ پولیس کے اعلی حکام اس شخص پر ناراض ہوئے کہ تو نے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام نہیں دئیے اور ملازمت و محکمہ کا حق ادا نہیں کیا ـ تو نے کیوں ظاہر کیا کہ میں خفیہ پولیس میں ملازم ہوں ـ تجھ کو خاموشی سے جیل خانہ جانا چاہئے تھا اور وہاں بھی اپنے فرائض انجام دیتا ـ اسی طرح اولیاء اللہ کے احوال مختلف ہوتے ہیں بعض اولیاء عوام میں ایسے ملے جلے ہوتے ہیں کہ لوگ ان کو خواہ ولی ہو یا غیر ولی پہچان نہیں سکتے ـ طلب صادق 38 ـ ایک صاحب نے جو ایک تفسیر کے مختلف حصے ملک میں شائع کر چکے ہیں حضرت والا کی خدمت میں اپنی اصلاح کا تعلق پیدا کرنے کی درخواست بھیجی ـ حضرت والا نے تحریر فرمایا کہ کیا آپ ان مضامین سے جو آپ نے تفسیر میں غلط سلط لکھے ہیں رجوع فرما لیں گے ـ اس کے بعد ان کا خط آیا ـ حضرت نے مجمع کو خطاب کر کے فرمایا کہ آج فلاں صاحب کا خط آیا ہے انہوں نے صریح اور صاف الفاظ میں تفسیر کے محرف مضامین سے رجوع کر لیا اور لکھا ہے کہ آپ جس طرح چاہیں اس رجوع کو شائع کر دیں میں نے جواب میں لکھ دیا ہے کہ چونکہ رجوع کے شائع کرنے میں میری کوئی مصلحت نہیں ـ سراسر آپ ہی کی مصلحت و منفعت ہے اس لئے آپ خود ہی شائع کریں ـ پھر فرمایا انہوںنے شائع شدہ تفسیر سے رجوع کرنے میں ہمت سے کام لیا ـ میں اس کی داد دیتا ہوں ـ جب طلب صادق ہوتی ہے تو یہی اثر ہوتا ہے ـ (ان صاحب نے اپنا رجوع نامہ لکھ کر حضرت کی خدمت میں بھیجا تھا حضرت نے مناسب ترمیم کر دی تھی ـ اس کے بعد انہوں نے روزنامہ انقلاب میں اس کو شائع کرا دیا تھا ـ 12 جامع ) 1 ؎ پورا مضمون لفظ بلفظ ملفوظات کے ساتھ ارمغان جاوداں یعنی حالات سفر میں بسلسلہ کانپور درج ہے ـ وصلؔ