ملفوظات حکیم الامت جلد 25 - یونیکوڈ |
|
ہو ـ اس نے کہا رنگریزی ، پھر فرمایا اور وہ کیا کرتا ہے ـ بتایا جفت فروشی فرمایا بھائی تم رنگریزی میں لگے رہو اور وہ جوتے بیچتا رہے تم سے قیامت میں یہ سوال نہ ہو گا کہ اس واقعہ کی حقیقت کیا تھی ـ معمولات مستقبلہ کے متعلق سوال 26 ـ حضرت اقدس کا ارادہ لکھنؤ سے دو تین یوم کے لئے کانپور تشریف لے جانے کا تھا ـ ایک صاحب نے سوال کیا کہ کانپور میں ملاقات کا کیا معمول ہو گا ـ فرمایا آپ کو کسی کے معمولات مستقبلہ کے دریافت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ـ جواب دینے سے وعدہ ہو جاتا ہے اور آدمی مقید ہو جاتا ہے ـ ابھی تو میں کانپور پہنچا بھی نہیں ـ معمول ضرورت وقت کے تابع ہوتا ہے ـ لکھنؤ بیٹھے بیٹھے کیسے معمول بن سکتا ہے خود لکھنؤ میں حالات بدلنے کی وجہ سے کئی معمول بدل چکے ہیں ـ سوال عن الحکمتہ 27 ـ فرمایا ایک صاحب نے مجھ سے بذریعہ خط کسی حکم شرعی کی مصلحت پوچھی کہ اس میں کیا حکمت ہے میں نے لکھا کہ آپ کے اس سوال عن الحکمتہ میں کیا حکمت ہے ـ اس کا جواب کچھ نہیں آیا ـ حکم شرعی کی حکمت خواہ معلوم ہو یا نہ ہو مگر اس سوال کی حکمت تو ان کے ذہن میں ضرور ہو گی ـ کیونکہ سوال ان کا فعل اختیاری ہے اور ہر فعل اختیاری کا صدور مسبوق ہوتا ہے ـ تاصور غایت کے ساتھ ـ لیکن پھر بھی کوئی جواب نہیں دیا ـ نسب کا اثر 28 ـ فرمایا بزرگوں کی اولاد میں بھی اکثر کچھ نہ کچھ بزرگی کا اثر ضرور ہوتا ہے ـ خواہ وہ بزرگ نسل قریب میں ہوں یا بعید میں ـ اسی طرح نسب معنوی میں بھی ـ اسی وجہ سے بزرگوں نے فرمایا ہے کہ صحیح سلسلہ میں بیعت ہونا چاہئے ـ گو شیخ قریب کمالات باطنی میں کامل نہ ہو ـ پھر بھی سلسلہ کی برکت ضرور ہوتی ہے ـ بشرطیکہ اس سلسلہ میں کوئی با برکت شیخ گزرا ہو خواہ کتنا ہی بعید ہو ـ البتہ شیخ قریب کا پابند شرع ہونا ضروری ہے ـ