ملفوظات حکیم الامت جلد 25 - یونیکوڈ |
|
مرض سے زیادہ کڑوی تو نہیں ہے شیخ نے فرمایا ہے کہ " داروئے تلخ است دفع مرض ،، کمال شفقت 47 ـ فرمایا ایک جماعت دوستوں کی ایسی بھی ہے کہ ان کو تربیت کے متعلق اجازت نہیں صرف دریافت خیریت اور طلب دعا کے لئے لکھنے کی اجازت ہے اور بس یہ وہ ہیں جنہوں نے ستایا بہت ہے اور تعلق بھی رکھنا چاہتے ہیں ـ تو میں نے ان کے لئے یہ طریق تجویذ کیا جس میں ستائیں بھی نہیں اور تعلق بھی رہے ـ جاہلانہ خطوط 48 ـ ایک صاحب نے خط میں لکھا کہ فلاں فلاں کتابیں بھیج دیجئے اور یہ کہ میں نے پہلے ایک جوابی کارڈ لکھا تھا مگر جواب س محروم ہوں ـ جواب تحریر فرمایا کہ اگر لفافہ ہوتا تو دونوں باتوں کا جواب لکھتا اور فرمایا مجھے اس کی اطلاع کرنے سے یہ نہ سمجھا کہ کیا لازم آیا کیا میں نے ان کا کارڈ رکھ لیا ـ کیا میرے ذمہ یہ بھی ہے کہ خط ان تک پہنچاؤں ـ میرے ذمہ تو یہ ہے کہ لکھ کر روانہ کر دوں پہنچے نہ پہنچے اور کتابوں کی فرمائش تو بالکل ہی بے جوڑ ہے کیا میں تجارت کرتا ہوں ـ عاملوں کا کمال 49 ـ ایک صاحب نے ایک خاص نکاح ہو جانے کی تمنا ظاہر کر کے لکھا ہے کہ اگر وہاں نکاح نہ ہوا تو شاید میری جان جاتی رہے ـ جواب ارقام فرمایا ـ یہ عامل کا کام ہے اور میں نہ عامل ہوں نہ مجھ کو کسی عامل کامل کا پتہ معلوم ـ پھر فرمایا میں پہلے ایسے خطوں میں بعضوں عاملوں کا پتہ لکھ دیا کرتا تھا ـ مگر معلوم ہوا کہ وہاں کمائی ہونے لگی ہے ـ یہاں تک کہ ایک صاحب نے ایک تعویذ دیا اور پھر کہا کہ ایک سو ایک روپیہ نذرانہ دیجئے ـ میں کہتا ہوں کہ اگر پہلے کہہ دیتے تو اچھا تھا ـ اب بیچارے کو مجبورا دینا پڑا ـ