ملفوظات حکیم الامت جلد 25 - یونیکوڈ |
|
(18) روغن کدو کی مالش اور مغز بادام اور مغز تخم کدو کا شیرہ مصری سے شیریں کر کے پینا ترطیب دماغ کے لئے مفید ہے ـ ص 10 (19) آفتاب کی چمک ستارہ کی روشنی اسی قسم کے بہت سے انوار یکسوئی کی وجہ سے نظر آ تے ہیں جو ذکر کے آثار سے ہیں ـ ایضا (20) زیادہ گوئی کے لئے کچھ جرمانہ مقرر کرے مثلا نفلیں پڑھنا جو نہ زیادہ سہل ہوں نہ گراں ـ ص 10 (21) ہجوم وساوس کا سبب ایمان ہے مگر انقطاع وساوس سے عدم ایمان کا شبہ نہ کرنا چاہئے ـ کیونکہ اس کے اسباب اور بھی ہیں مثلا یکسوئی سے نفس کو دوسری طرف توجہ نہیں ہوتی یا شیطان نے مایوس ہو کر وسوسہ ڈالنا چھوڑ دیا ـ ص 11 (22) منتہی کے لئے نفع رسانی اذکار و اشغال سے افضل ہے ـ ایضا (23) اپنے فیصلہ آخرت کے متعلق کوئی مطمئن نہیں ہو سکتا کیونکہ بشارت یقینی اس عالم میں ممکن نہیں ہے اور بشارت ظنی اختیار نہیں ـ ص 12 (24) اصلاح بدون ہمت کے کسی کی توجہ سے نہیں ہوتی اور نری تمنا ہوس ہے ـ ص 14 (25) خواب اس وقت مشیرات ہیں جس وقت اس پر عمل کرنے کی ہمت ہو ـ ایضا (26) خدا اور رسول کے ساتھ صرف عقلی محبت کا انسان مکلف ہے ـ ص 15 (27) کتاب ذم الدنیا کیمیائے سعادت کا مطالعہ محبت دنیا کو کم کرتا ہے ـ ایضا (28) بتکلف کسی کام پر دوام کرنے سے استقلال و ملکہ ہو جاتا ہے ـ ایضا (29) سالک کو حفظ صحت کا خیال ضروری ہے ـ ص 16 (30) چہل حدیث ملحقہ نشرالطیب کا مطالعہ باعث برکت ہے ـ ایضا (31) شیخ کے ساتھ حسن ظن سے فضل الہی متوجہ ہوتا ہے ـ ص 16 (32) بدن میں جھینگر کی آواز کا آںا یا تمام بدن سے ذکر کا جاری ہونا آثار ذکر سے ہے ـ ص 17 (33) جب تک تمام سے منہ موڑ کر مرشد سے کامل اعتقاد نہ ہو اور حجاب نہ ٹوٹے اس وقت تک فیض نہیں ہوتا ـ حبس دم بھی قبض کے دفع کرنے کا علاج ہے ـ ص 18 (34) واعظ کی ترغیب و ترہیب کا اثر اس کے خلوص پر دلالت کرتا ہے ـ ص 19 (35) مبتدی کے لئے کشف و کرامات رہزن ہیں ـ ص 20 (36) کسی کا آںحضرت ؐ کی زیارت کرا دینا اس کی مقبولیت کی دلیل نہیں ہے ـ ص 21 (37) خیرات مستقل طاعت سمجھ کر کرنا چاہئے نہ بطور رشوت ـ ایضا