(حقیقت النبوت ص۱۲۱،۱۲۲)’’اب ایک اعتراض رہ جاتا ہے۔ وہ یہ کہ جب یہ ثابت ہے کہ حضرت مسیح موعود شروع دعویٰ سے اپنے اندر نبیوں کی سب شرائط کے پائے جانے کے مدعی تھے تو پھر آپ کیوں اپنے نبی ہونے سے انکار کرتے تھے؟ اور اگر پہلے آپ انکار کرتے تھے تو بعد میں اس دعویٰ کی بناء پر پھر دعویٰ نبوت کیوں کیا؟ سو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ سب اختلاف ایک نہایت چھوٹی سی بات سے پیدا ہوا ہے اور بہت سی چھوٹی باتیں ہوتی ہیں کہ ان کے نتائج بہت برے نکلتے ہیں۔اس تمام اختلاف کی وجہ یہ ہے کہ حضرت مسیح موعود دو مختلف اوقات میں نبی کی دو مختلف تعریفیں کرتے رہے ہیں۔ ۱۹۰۱ء سے پہلے آپ نبی کی اور تعریف کرتے تھے اور بعد میں آپ نے جب اﷲ تعالیٰ کی متواتر وحی پر غور فرمایا اور قرآن مجید کو دیکھا تو اس سے نبی کی تعریف اور معلوم ہوئی۔
چونکہ جو تعریف نبی کی آپ پہلے خیال کرتے تھے۔ اس کے مطابق آپ نبی نہ بنتے تھے۔ اس لئے باوجود اس کے کہ سب شرائط نبوت آپ میں پائی جاتی تھیں۔ آپ اپنے آپ کو نبی کہنے سے پرہیز کرتے تھے اور اپنے الہامات میں جب نبی کا نام دیکھتے اس کی تاویل کر لیتے اور حقیقت سے ان کو پھیر دیتے۔ کیونکہ آپ جب اپنے نفس پر غور فرماتے تو اپنے اندر وہ باتیں نہ دیکھتے تھے۔ جن کا انبیاء علیہم السلام میں پایا جانا آپ ضروری خیال فرماتے تھے۔ لیکن بعد میں جب آپ کو الہامات میں بار بار نبی اور رسول کہاگیا اور آپ نے اپنی ساری پچھلی تیس سالہ وحی کو دیکھا۔ تو اس میں برابر ان ناموں سے آپ کو یاد کیاگیاتھا۔ پس آپ کو اپنا عقیدہ بدلنا پڑا اور قرآن کریم سے آپ نے معلوم کیا کہ نبی کی تعریف وہ نہیں جو آپ سمجھتے تھے۔ بلکہ اس کے علاوہ اور تعریف ہے اور چونکہ وہ تعریف جو قرآن مجید نبی کی کرتا ہے۔اس کے مطابق آپ نبی ثابت ہوتے تھے۔ اس لئے آپ نے اپنی نبوت کا اعلان کیا۔‘‘
محمود قادیانی کی کتاب حقیقت النبوت کا خلاصہ یہی ہے کہ (۱)مرزا غلام احمد قادیانی نبی ہے (۲)اور نبوت بند نہیں، بلکہ جاری ہے۔ (۳)اور مرزا قادیانی پہلے واقعی ختم نبوت کا قائل تھا اور اپنی نبوت کا دعوے دار نہ تھا۔ (۴)اور بعد میں ختم نبوت کا قائل نہ رہا اور خود مدعیٔ نبوت بن بیٹھا (۵)اور یہ کہ مرزا قادیانی کے تبدیلیٔ عقیدہ کی بنیاد ’’ایک غلطی کا ازالہ‘‘ پر ہے؟ (۶)اور مرزا قادیانی کو پہلے نبی کی صحیح تعریف سالہا سال تک معلوم نہ ہوئی اور بعد میں پھر پتہ چلا کہ دراصل نبی فلاں شخص ہوتا ہے اور اس لحاظ سے میں نبی ہوں (۷)اور ۱۹۰۱ء سے پہلے کے مرزا قادیانی کے حوالہ جات منسوخ ہیں، قابل اعتبار نہیں۔