لیس من شئی یقربکم الی الجنۃ ویباعدکم من النار الاقد امر تکم بہ ولیس من شئی یقربکم الی النار ویباعدکم من الجنۃ الاقد نہیتکم عنہ‘‘ یعنی جو ذریعہ تمہیں بہشت اور ابدی خوشی سے ملانے والا اور جہنم کی تیز آگ سے دور ہٹانے والا ہے۔ میں نے تمہیں اس کا حکم دے دیا ہے۔ اور باقی کچھ نہیں چھوڑا۔ اور جو عمل دوزخ کے قریب اور جنت سے بعید لے جائے اس سے تمہیں منع کردیا ہے اور کسر نہیں رکھی۔ یہ روایت بغوی نے شرح السنۃ میں اور بیہقی نے شعب الایمان میں ذکر کی ہے۔
امر چہارم
۴… اس لئے کہ وہ اپنی نہ کہے گی لیکن جو کچھ سنے گی سو کہے گی۔ قرآن بھی اس دعویٰ کا مصدق ہے: ’’قال ما ینطق عن الہویٰ ان ہوالا وحی یوحی‘‘ اور سورہ یونس میں ارشاد ہے: ’’ما یکون لی ان ابدلہ من تلقاء نفسی ان اتبع الا ما یوحیٰ الیّ‘‘ اور سورہ الحاقہ میں فرمایا ہے: ’’ولو تقول علینا بعض الاقاویل لاخذنا منہ بالیمین ثم لقطعنا منہ الوتین‘‘
امر پنجم
۵… آئندہ کی خبریں دے گی آنحضرتﷺ نے بے شمار پیش گوئیاں آئندہ زمانہ اور قبر اور حشر نشر میزان وصراط، نشر صحف، حساب اعمال، اور جنت ودوزخ کے متعلق بیان کی ہیںجن میں سے اکثر پوری ہوچکی ہیں باقی بھی پوری ہوں گی۔
امر ششم
۶… وہ میری بزرگی کرے گی آنحضرتﷺ نے حضرت مسیح علیہ السلام کی رسالت کی تصدیق کی اور یہود کے الزامات سے انہیں منزہ کیا۔ یہود آپ کی پیدائش ناجائز قرار دیتے تھے قرآن نے عقلی دلائل سے بن باپ ان کی پیدائش کو جائز قرار دیا اور کہا: ’’ان مثل عیسیٰ عند اﷲ کمثل اٰدم خلقہ من تراب ثم قال لہ کن فیکون‘‘
انکار نبوت مسیح کی پہلی بنیاد
اور یہود نے اسی بناء فاسد پر انکار نبوت مسیح علیہ السلام کی بنیاد قائم کی تھی۔ کیونکہ تورات میں لکھا تھا، حرامی بچہ دس پشت تک خدا کی بادشاہت میں داخل نہیں ہوسکتا۔ حضرت نے ان کی بناء کے ستون متزلزل کردئیے اور قائم شدہ عمارت کو ایک آن میں گرا دیا۔