شاہ نواز سے کہہ دیں اس کا خط مل گیا ہے۔ جزاہ اﷲ! اب میں خود بھی واپس آنے والا ہوں۔ احمدہ کو سلام، عزیزاں کو پیار۔ اعجاز کو سلام۔ امید ہے عزیز رشید احمد بفضل اﷲ بخیریت واپس پہنچ گیا ہوگا۔ نصیر اور عطاء اﷲ کو سلام اور پیار اور اﷲتعالیٰ آپ سب کا حافظ وناصر ہو۔ آمین!
والسلام!
خاکسار: ظفراﷲ خان
(روزنامہ زمیندار لاہور، مورخہ ۲۱؍جولائی ۱۹۵۲ئ)
چوتھا خط
بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
پیارے بشیر! السلام علیکم ورحمتہ اﷲ وبرکاتہ،
تمہارا ۵؍نومبر کا لکھا ہوا محبت نامہ چند روز ہوئے ملا۔ جزاکم اﷲ! اس اثناء میں تمہیں میرا بھی ۶؍نومبر کا لکھا ہوا خط مل چکا ہوگا۔ آج یہاں اسمبلی میں باقی کام تو ختم ہو جائے گا۔ لیکن ابھی فلسطین کا قضیہ باقی ہے۔ قیاس کیا جاتا ہے کہ شاید ۲۶،۲۷تک یہ مرحلہ بھی طے ہو جائے۔ اس صورت میں میں انشاء اﷲ ۲۹کو یہاں سے روانہ ہوکر ۳۰ کو دمشق پہنچوں گا اور ۴کو وہاں سے روانہ ہوکر ۵ کی صبح کو کراچی پہنچوں گا۔ اگر مزید کوئی اور اطلاع آپ کو نہ ملے تو آپ یہی اندازہ رکھیں کہ میں انشاء اﷲ ۵؍دسمبر کی صبح کو Pan Amarican Service Flight پر کراچی پہنچوں گا۔ مجھے چند دن ہوئے پاکستان کی حکومت کا تار ملا تھا کہ وزیرمال عنقریب امریکہ پہنچنے والے ہیں۔ تمہارے متعلق بہت ضروری کام ہے۔ تم ان سے ملنے کے بعد امریکہ سے روانہ ہونا۔ میں نے جواباً تار دے دیا تھا کہ میرا ارادہ یہاں سے ۲۹کو چلنے کا ہے۔ مزید ٹھہرنا میرے لئے مشکل ہے۔ اس کا کوئی جواب وصول نہیں ہوا۔ سو امید ہے انشاء اﷲ اس پروگرام کے مطابق روانہ ہوسکوں گا۔ اگر کوئی تبدیلی ہوئی تو بروقت اطلاع دینے کی کوشش کروں گا۔
احمدہ کو سلام، عزیزاں کو پیار، اعجاز، نصیر، عطاء اﷲ کو پیار، اﷲتعالیٰ آپ سب کا حافظ وناصر ہو۔ آمین! والسلام!
خاکسار: ظفر اﷲ خان
(روزنامہ زمیندار لاہور مورخہ ۲۲؍جولائی ۱۹۵۲ئ)