تیسرا خط
بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
پیارے بشیر! السلام علیکم ورحمتہ اﷲ وبرکاتہ، تمہارا محبت نامہ مورخہ ۱۴؍اکتوبر کو ملا۔ جزاکم اﷲ! میں یہاں سے ۱۸؍اکتوبر کی شام کو روانہ ہوکر جماعتوں کے دورہ کے لئے گیا تھا۔ رات واپس آیا۔ اﷲتعالیٰ کے فضل سے اس سفر کے دوران میں پٹس برگ، کلولینڈ اور شکاگو کی جماعتوں کو اصلاح، قربانی اور تبلیغ کے متعلق تلقین کرنے کا بہت عمدہ موقعہ مل گیا۔
یہاں اسمبلی کا کام تو ابھی بہت لحاظ سے ابتدائی مراحل میں ہے۔ ایک فلسطین کے قضیہ کے متعلق ہی کچھ طے ہونے میں نہیں آتا۔ لیکن کچھ تو میری طبیعت بھی اکتائی ہوئی اور اداس ہے اور پھر حضرت صاحب کا ارشاد موصول ہوا ہے کہ میں کام ختم ہوتے ہی فوراً واپس پہنچ جاؤں۔ پہلے تو میرا ارادہ تھا کہ واپسی کے سفر کے دوران میں دمشق بھی ٹھہروں۔ لیکن اب یہ ارادہ ترک کرنا پڑے گا۔ میں امید کرتا ہوں کہ انشاء اﷲ وسط نومبر تک واپس کراچی پہنچ جاؤں گا۔ آگے جیسے اﷲتعالیٰ کو منظور ہے۔ پروگرام طے ہوجانے پر شعبان صاحب کے پتہ پر تاردے دوں گا۔ آپ ان سے یہ انتظام کر لیں کہ وہ اطلاع ملنے پر آپ کو اطلاع کر دیں۔
آخری اطلاعیں جو قادیان کے متعلق ملی ہیں۔ ان سے مترشح ہوتا ہے کہ اگر اﷲتعالیٰ چاہے تو اس کے فضل سے حالات سدھرنے کی توقع ہوسکتی ہے۔ وہ اپنے فضل ورحم سے ہماری غفلتوں اور کوتاہیوں سے درگذر فرماتے ہوئے امن اور اطمینان کی صورت پیدا کر دے۔ آمین!
یہاں موسم ابھی تک بہت خوشگوار ہے۔ بلکہ اس وقت کے لحاظ سے کسی قدر گرمی ہے۔
بچارے بلجیت کا خط دہلی سے آیا ہے کہ میرا مکان وغیرہ سیالکوٹ میں سب جلا دیا گیا ہے۔ اب بالکل مفلس وبیکار ہوں۔ اگر روزی کمانے میں کوئی مدد ہوسکتی ہو تو کرو۔ اعجاز اور تم اگر پسند کرو تو اسے ہمدردی کا خط لکھ دو۔ اس کا پتہ ''11 Court Rd Delhi'' ہے۔