سرظفر اﷲ پر جو نکتہ چینی ہوئی اور اس پر پاکستان کے پریس نے جو کچھ لکھا ہوسکتا ہے مصروفت کی بناء پر گورنمنٹ پاکستان کی نظروں سے وہ اخبار غیرارادی طور پر اوجھل رہے ہوں۔ چنانچہ میں ان مضامین کو ایک کتابچہ کی صورت میں شائع کر رہا ہوں۔ تاکہ انہیں دیکھنے اور پڑھنے کے بعد پاکستان گورنمٹ کسی اچھے نتیجہ پر پہنچ سکے۔
جانباز مرزا!
مورخہ ۴؍اپریل ۱۹۵۲ئ، لائل پور
سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا فسانہ کیا
کہتی ہے تجھ کو خلق خدا غائبانہ کیا
چوہدری ظفر اﷲ برطانوی اثر واقتدار قائم کرنا چاہتے ہیں
کراچی، ۲۷؍مئی مصر کی خالص دینی تحریک الاخوان المسلمون کے رہنما السید علی المحمود مصری نے پاکستان کی خارجہ حکمت عملی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیرخارجہ چوہدری ظفر اﷲ خان اینگلو امریکی بلاک کو مضبوط بنا کر دنیائے اسلام کو برطانوی اقتدار کے بے رحم ہاتھوں میں سونپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چوہدری صاحب نے اپنے طرز عمل سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیائے اسلام کی خود مختاری کو ختم کر کے یہاں برطانوی اثر ورسوخ کو زندہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ آپ نے اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے فرمایا۔ چوہدری صاحب کی پالیسی نے بعض اہم مواقع پر اسلامی ممالک کے کاز کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ مصر وبرطانیہ کے نزاع کے موقع پر آپ نے دونوں کو قصوروار قرار دے کر ظالم ومظلوم کو ایک ہی رسی میں پرونے کی سعی کی ہے اور یہ پالیسی مصر کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوئی۔ اپنی جنگ آزادی کے لئے مصر کو دنیا کے سب سے بڑے اسلامی ملک پاکستان سے جس امداد کی توقع تھی۔ افسوس کہ وہ محض چوہدری صاحب کی برطانیہ نواز پالیسی کے باعث پوری نہ ہوسکی۔ (اخبار آزاد لاہور مورخہ ۳۱؍مئی ۱۹۵۲ئ)
آل پارٹیز مسلم کنوینشن میں محمد ہاشم گزدر رکن مجلس دستور ساز پاکستان کی تقریر
جہانگیر پارک میں قادیانیوں کی کانفرنس سے پیدا شدہ صورتحال پر غور وخوض کے لئے اسلامیان کراچی کی آل مسلم پارٹیز کنوینشن مورخہ ۲؍جون تھیوسافیکل ہال میں منعقد ہوئی۔ جس میں کراچی کے تمام مسلم فرقوں کے مقتدر علماء شہر کی تمام اسلامی انجمنوں اور اداروں کے ذمہ دار