ملفوظات حکیم الامت جلد 9 - یونیکوڈ |
مطالبہ کروں گا ۔ کہنے لگے کہ بس میرا مقصود حاصل ہوگیا تو یہی چاہتا تھا ۔ میں نے پھر اس وقت سے ان کے ساتھ بہت اخلاق کا برتاؤ شروع کردیا اور پھر واقعی ان کی طرف سے دل میں کوئی کدورت بھی نہیں رہی لیکن وہ جو پہلے ایک خصوصیت کا تعلق تھا وہ باقی نہیں رہا عام مسمانوں کے ساتھ جیسا تعلق ہے بس ویسا ہی باقی رہ گیا ۔ اجی میں تو بس اس کا منتظر رہتا ہوں کہ معاملہ یکسو ہوجائے ادھر یا ادھر الجھا ہوا نہ رہے ( 332 ) عجمی تکلفات جمعہ 15 جمادی الثانی 1320ھ ۔ حضرت اقدس مد ظلہم العالی کو چند روز سے معدہ کی کچھ شکایت پیدا ہوگئی ہے اللہ تعالٰٰی جلد از جلد صحت کاملہ عطا فرمادیں اور مدت مدیر بعافیت تمام سلامت باکرامت رکھیں آمین ثم آمین ۔ حضرت اقدس کی طبع مبارک ہمیشہ سے فطری طور پر نہایت لطیف اور نازک واقع ہوئی ہے جس کے متعلق متعدد واقعات اشرف السوانح نیز دیگر ملفوظات میں ذکر کردیئے گئے ہیں ۔ مثلا دوا کا مضر یا نافع اثر فورا محسوس ہوجانا ۔ چنانچہ آج ہی کا واقعہ ہے کہ خمیرہ گاؤ زبان جواہر والا بے تولے ہوئے محض انداز سے ناظم ادویہ نے دے دیا اور اس کو نوش فرمایا گیا جس سے مقدار معین سے کچھ زائد ہوگیا سو معدہ پر فورا ثقل پیدا ہوگیا اور تھوڑی ہی دیر بعد اجابت ہوگئی اس پر فرمایا کہ طبیعت اتنی ضعیف ہے عرصہ ہوا ایک بار ایک شخص مجھ کو وضو کرتے ہوئے بلا ضرورت تک رہاتھا جس سے طبیعت پر سخت بار ہوا لیکن میں نے ضبط کیا ۔ اس ضبط کا اثر خیال پر ہوا اور خیال کا اثر بدن پر ہوا اور بدن کے واسطہ سے متاثر پر اثر پہنچا جس سے فورا قطرہ نکل آیا اور طہارت وضو کی دوبارہ ضرورت پڑگئی یہ تو تاثر کی حالت ہے اور پھرلوگ کہتے ہیں کہ غصہ کرتا ہے بد مزاج ہے میں کیا کروں مجھے بے ڈھنکی باتوں سے سخت ایذا پہنچتی ہے جس کو اگر ظاہر نہ کروں اور ضبط کرلو تو امراض پیدا ہوجائیں چنانچہ ایک بار جوانی میں غصہ کو ضبط کیا تو فورا بخار چڑھ آیا ۔ لطائف طبع پر یاد آیا کہ سیاہی یا اور کسی چیز کا ادنی دھبہ بھی کپڑوں میں لگ جاتا ہے تو سب کام چھوڑ کر اس وقت اس کو صابن سے دھوتے ہیں اور جب تک دھو نہ لیں کوئی کام نہیں سکتے کیونکہ دل اسی کی طرف لگا رہتا ہے ۔ یہاں تک کہ چاہئے پینے میں بعض اوقات کوئی قطرہ فرش پر گر جاتا ہے تو اس کو بھی اسی وقت دھو ڈالتے ہیں خواہ چائے کے ٹھڈے اور بے لطف ہوجانے کا اندیشہ ہو ۔ ایک