ملفوظات حکیم الامت جلد 9 - یونیکوڈ |
|
مسجد سے باہز چلی جاتی اور فراغت کے بعد واپس آجاتی ۔ غرض جب تک مسجد میں بیٹھتی تھیں مینگنی پیشاب کبھی نہیں کرتی تھیں ضرورت ہوئی تو باہرچلی گئیں ۔ حضرت بشرحافی رحمتہ اللہ علیہ کا واقعہ ہے کہ زمین پر ننگے پیر پھرا کرتے تھے جوتے اسلئے نہیں پہنتے تھے کہ یہ اللہ تعالی کا فرش ہے اس پر جوتے پہن کر چلنا بے ادبی ہے جب انہوں نے ننگے پیر پھرنا شروع کیا اللہ تعالی نے ان کی طرف سب چرندوں اور پرندوں کو حکم دے دیا کہ شہر بغداد کے اندر اندر کوئی بیٹ نہ کرے کسی بزرگ نے ایک دن بیٹ پڑی دیکھی تو فرمایا کہ معلوم ہوتا ہے کہ آج بشر حافی کا انتقال ہوگیا چنانچہ بعد کو تحقیق کیا تو معلوم ہوا کہ اسی وقت انتقال ہوا تھا بس ادھر انتقال ہوا ادھر پرندہ سے بیٹ کی قید اٹھ گئی ۔ غرض عقل اور چیز ہے اور فن دانی اور چیز اس پر یاد آیا کہ ایک بادشاہ نے اپنے بیٹے کو بڑے بڑے استادوں سے فن نجوم سکھلایا جب وہ فارغ التحصیل ہو گیا تو بادشاہ نے اس کا امتحان لینا چاہا چنانچہ امتحان کا جلسہ منعقد کیا گیا اور مٹی میں شہزادہ سے چھپا کر ایک نگین رکھ لیا اور پوچھا گیا کہ بتاؤ مٹھی میں کیا ہے چونکہ وہ واقعی فن نجوم میں ماہر ہوگیا تھا اس نے حساب لگا کر فورا بتا دیا کہ کوئی گول گول پتھر کی چیز ہے یہ تو اس نے ٹھیک کہا لیکن جب یہ پوچھا گیا کہ وہ چیز کیا ہے تو آپ کیا کہتے کہ چکی کا پاٹ سو جہاں فن دانی کا تعلق ہے اس نے بالکل صحیح بتایا اب آگے عقل کی ضرورت ہے اسمیں اس نے غلطی کی ۔ (245) ترک سنت سے ظلمت پیدا ہوتی ہے کسی خاص سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ حضرت حاجی صاحب قدس سرہ العزیز کی خدمت میں بمقام مکہ معظمہ مقیم تھا تو حسب الحکم تنویر کا ترجمہ کر کے روز کے روز حضرت کو ستاتا رہتا تھا ۔ حضرت پوچھتے کہ کیا یہ سب ایک ہی دن کا ترجمہ کیا ہوا ہے میں عرض کر دیتا کہ جی ہاں ایک دن فرمایا کہ جب عالم ارواح سے تعلق ہوجاتا ہے تو وقت میں وسعت ہوجاتی ہے کیونکہ روح میں وسعت ہے یہ حضرت حاجی صاحب کے الفاظ ہیں بزرگوں کی جو تصانیف ہیں اگر ان کی تعداد کو اور حجم کو دیکھا جائے تویہ کسی طرح عادۃ ممکن نہیں معلوم ہوتا کہ کوئی شخص اتنی عمر میں اتنی کتابیں تصنیف کرسکتا ہے چنانچہ حضرت جلال الدین سیوطی رحمتہ اللہ علیہ نے تفسیر جلالین نصف اول صرف چالیس دن میں لکھی تھی ملاجیون رحمتہ اللہ علیہ نے بھی صرف سترہ برس کی عمر میں تفسیر احمدی لکھی ہے ان حضرات کے وقت میں بہت برکت ہوتی تھی ۔