ملفوظات حکیم الامت جلد 9 - یونیکوڈ |
|
سوچے کہ اگر کوئی ایسا ہی فعل میرے کسی خاص عزیز اور پیارے سے سرزد ہوتا تو اس وقت میں کیا کرتا پس جو برتاؤ اس وقت اپنے خاص عزیز کے ساتھ کیا جاتا وہی اپنے شیخ کے ساتھ ایسے موقعہ پر ہونا چاہیے ـ مثلا اپنا بیٹا ہے جب اس سے کوئی غلطی ہو جاتی ہے تو یہ نہیں کرتے کہ اس سے محبت کا تعلق بالکل قطع کر دیں ـ بلکہ جتنا اس کی حالت کو بگڑتا دیکھتے ہیں اتنا ہی زیادہ اس پر دل ہی دل میں کڑھتے ہیں اور ہر وقت ایسی تدابیر سوچتے رہتے ہیں کہ جس سے وہ راہ راست پر آ جائے بزرگوں سے دعاء کراتے ہیں کہ اس کی علامت سنور جائے ـ پس یہی حالت طالب صادق کی اپنے شیخ کے ساتھ ہونا چاہیے ـ اور ایک بات یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اگر شیخ سے کسی قبیح فعل کے ظہور کے وقت طالب کے دل میں یہ تردد ہو جائے کہ میں اب ان سے تعلق رکھوں یا نہ رکھوں اور وہ اپنے اس تردد کو دفع بھی نہ کر سکے تو سمجھ لینا چاہیے کہ اس طالب کو اس شیخ سے مناسبت نہیں لہذا ایسی حالت میں یہی بہتر ہے کہ اس شیخ سے قطع تعلق کر کے کسی دوسرے شیخ سے تعلق پیدا کر لے اور ایک بات یہاں یہ بھی قابل خیال ہے کہ اگر کسی طالب نے اپنے شیخ سے محض اس بناء پر تعلق ترک کیا ہے کہ ان دونوں میں مناسبت نہ تھی تو ایسی حالت میں شیخ کو بھی چاہیئے کہ وہ برا نہ نہ مانے بلکہ اگر شیخ نے برا مانا تو وہ شیخ نہیں ـ البتہ مرید کو بھی چاہیے کہ باوجود ترک تعلق کے ایسی کوئی حرکت کبھی نہ کرے جو حد ادب سے نکلی ہوئی ہو کیونکہ یہ شیخ اس کا تو محسن ہی ہے اور اسی نے تو اس کو راہ پر لگایا ہے ـ ( 111 ) حضرت گنگوہی کا مکتوب محبوب القلوب کا اظہار پسندیدگی فرمایا ـ مولوی صادق الیقین محوم ضلع بارہ بنکی کے باشندے میرے شاگرد اور مولانا گنگوہی سے بیعت تھے اور بہت متقی اور صالح تھے ـ مولوی صادق الیقین کے والد ایک خاندانی بزرگ تھے جن کے یہاں آباؤ اجداد سے سلسلہ بیعت و تلقین چلا آتا تھا اور جب کوئی ان کے یہاں تقریب ہوتی تو حضرات فرنگی بھی شریک ہوتے تھے اور مولوی صادق الیقین کے والد کے گو عقائد خراب نہ تھے ہماری جماعت سے محبت رکھتے تھے اور مجھ سے تو ان کو بہت ہی محبت تھی ـ چناچہ میری وجہ سے انہوں نے اپنی بعض خاندانی رسوم کو بھی ترک کر دیا تھا ـ اور اپنی خاندانی رسوم کو ترک کی وجہ سے اس طرف کے بعض خواص نے نا گواری کا بھی اظہار کیا تھا ـ مگر مولوی صادق الیقین صاحب کے والد نے ان کی نا گواری کی بالکل پروا نہ کی تو گو ان کے