ملفوظات حکیم الامت جلد 9 - یونیکوڈ |
|
ممکن ہے کہ فیض ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ نہ ہو مجھے کیا خبر ـ باقی آنے والوں کے لئے رائے میری وہی ہے کہ یہاں پر زمانہ قیام میں مجلس کے اندر خاموش بیٹھے رہیں ـ مکاتبت ـ مخاطبت کچھ نہ کریں انشاءاللہ اس سے غالب نفع کی امید ہے ـ 29 شعبان المعظم 1351 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم چہار شنبہ ( 83 ) شیطان خاصان حق سے خود ڈرتا ہے ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ شیطان کا کید تو اس درجہ کا نہیں جیسا کہ لوگوں نے سمجھ رکھا ہے ـ خود حق تعالی فرماتے ہیں ان کید الشیطن کان ضعیفا اہل اللہ خاصان حق سے تو خود ہی یہ ڈرتا ہے ـ حدیث میں ہے کہ ہزار عابد سے ایک فقہ شیطان پر گراں اور بھاری ہے وجہ یہ ہے کہ وہ اس کے کید اور مکر سے خود بھی واقف ہوتا ہے اور اللہ تعالی کے بندوں کو آگاہ کرتا رہتا ہے ـ حضرت شاہ عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کو ایک روز شیطان نے دھوکا دینا چاہا ایک روشنی آپ کو نظر آئی آپ نے لاحول پڑھی وہ روشنی گم ہو گئی اور یہ کہتا ہوا شیطان بھاگا کہ جا عبدلقادر تجھ کو تیرے علم نے بچا لیا ـ اس پر حضرت نے فرمایا کہ جا مردود یہ دوسرا دھوکا ہے کہ علم نے بچا لیا ـ علم بے چارا کیا چیز ہے جو بچالے ـ اللہ نے بچا لیا ـ ( 84 ) مسئلہ قضا و قدر محل خوض نہیں ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ یہ مسئلہ قضا و قدر محل خوض نہیں ـ پس مختصر اتنا سمجھ لینا کافی ہے کہ انسان افعال میں مختار ہے ـ اختیار میں مجبور ہے ـ ایک معترض نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے سوال کیا تھا کہ یہ مسئلہ سمجھ میں نہیں آتا کہ اختیار بھی ہے اور جبر بھی ہے فرمایا کہ زمین سے ایک پیر اٹھاؤ ـ اٹھا لیا فرمایا کہ دوسرا بھی اٹھاؤ نہیں اٹھا سکا فرمایا کہ بس یہ اختیار ہے اور یہ جبر ہے ـ ( 85 ) ادراک بالکنہ محال ہے ایک مولوی صاحب کو سوال کے جواب میں فرمایا کہ سرقدر وہ چیز ہے کہ جنت میں بھی معلوم نہ ہوگی کیونکہ اس کا تعلق ذات و صفات سے ہے اور اس کا ادرادک بالکنہ محال ہے