ملفوظات حکیم الامت جلد 9 - یونیکوڈ |
|
( 46 ) پہلے امراء کا ادب ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اکثر امرا میں اب کچھ عرصہ سے یہ بات پیدا ہو گئی ہے کہ ان کی نظر میں دین اور اہل دین کی وقعت اور عظمت نہیں رہی اور اس کا اصلی سبب یہ انگریزیت نیچریت ہے ـ اس منحوس نے تو اچھے خاصے لکھے پڑھے اور شریف خاندان کے لوگوں کو تباہ اور برباد کر دیا پہلے امراء کی یہ حالت نہ تھی ان کے قلب میں دین کی وقعت اور عظمت ہوتی تھی اور امراء تو بے چارے کس شمار میں ہیں سلاطین کی بھی یہی حالت تھی نواب ٹونک نے اپنے آرام اور راحت کے لئے کوٹھی بنوائی اس میں معمار نے نواب صاحب کو خوش کرنے کے لئے کسی اونچے مقام پر کوٹھی میں لفظ اللہ لکھ دیا کوٹھی تیار ہو جانے پر نواب صاحب نے آ کر ملاحظہ کیا نہایت خوشنما و آرام دہ بنی تھی ـ بہت خوش ہوئے دفعۃ لفظ اللہ پر نظر پڑی رائے بدل گئی اور کہا کہ اب یہ سونے کا مقام نہیں سونا خلاف ادب ہے اس کو عبادت گاہ قرار دیا اور آرام کے لئے دوسری کوٹھی بنانے کا حکم دیا ـ 25 شعبان المعظم 1351 ھ مجلس بعد نماز یوم شنبہ ( 47 ) حضرت حکم الامت تھانوی کا مدعی محبت سے معاملہ ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ میں اول ایسا معاملہ کرنا چاہتا ہوں کہ اس کے بعد جو برتاؤ ہو وہ نرم ہی نرم نظر آوے جیسے نزع کے وقت سختی ہو پھر جنت ہو ـ اور اگر نزع کے وقت تو نرمی ہو پھر بعد دوزخ یہ بہت سخت بات ہے اسی کو کوئی تجربہ کار بعنوان فریب فرماتے ہیں ـ چومی بینم کسے کز کوئے تو دل شاد می آید فریبے کز تو اول خوردہ بودم یاد می آید نیز اگر کوئی شخص محض ملاقات کے لئے آتا ہے اس کے ساتھ تو اور برتاؤ ہوتا ہے اور جہاں اس نے محبت کا دعوی کیا میرا فورا رنگ بدل جاتا ہے ـ ( 48 ) آج کل کی حالت پر اظہار افسوس ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ آج کل تو یہ حالت ہو رہی ہے ایک صاحب نے جانماز