ملفوظات حکیم الامت جلد 9 - یونیکوڈ |
|
حضرت والا نے سن کر فرمایا کہ ہفت اقلیم کا بادشاہ جو کافر ہو اور وہ مسلمان ہو جاوے تو اس پر ہرگز مسلمانوں کو فخر نہیں کرنا چاہئے خواہ مخواہ اس کا دماغ خراب کرنا ہے ـ ( 72 ) آج کل فہموں میں کجی کا اثر ہے ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ جی ہاں یہاں پر آنے والوں کے ساتھ یہ معاملہ ہے کہ جیسے چھلنی میں جھن کر چو کر الگ اور آثار الگ ایسے ہی یہاں پر چھنٹ کر بادی بلغم الگ معاملہ ادھر یا ادھر وجہ اس کی یہ ہے کہ آج کل فہموں میں کجی پیدا ہو گئی ہے کسی کی رعایت اگر کی جائے یہ نہ سمجھے گا کہ یہ شفقت کی بناء پر ہے بلکہ یہ سمجھے گا کہ ایسا کرنا کسی غرض پر مبنی ہے بس سب سے اچھا رنگ مجذوب کا ہے جب کوئی پاس آیا اینٹ ماری پھینک کر ـ ( 73 ) نفع کا مدار نیت پر ہے ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ نفع تو ہوتا ہے مگر اس کے کچھ شرائط ہیں منجملہ اور شرائط کے ایک شرط یہ ہے کہ نفع کا مدار نیت پر ہے حتی کہ شعائر اسلام تک تو بدوں نیت کے ہوتے ہی نہیں اور تو کیا کام ہوگا ـ دیکھئے نماز بدوں نیت کے نہیں ہو سکتی روزہ بدوں نیت کے نہیں ہو سکتا ـ زکوۃ بدوں نیت کے ادا نہیں ہو سکتی ایمان جو سب کی جڑ ہے بدوں نیت کے نہیں ہو سکتا ـ غرض نیت اعظم شرائط میں سے ہے نفع کے لئے اس لئے ضرورت ہے کہ نیت نفع کی کرے پھر انشاءاللہ نفع ہو ہی گا ـ ( 74 ) شاگردی کے حقوق ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ شاگردی کا علاقہ بیعت سے زیادہ ہے اس کے زیادہ حقوق ہیں اور عام طور سے مشہور یہ ہے کہ پیر کا حق استاد سے زیادہ ہے ـ ( 75 ) متواضع اور متکبر میں فرق ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا جو متواضع ہو اور اپنے متواضع ہونے پر اس کو نظر ہو وہ متواضع نہیں متکبر ہے ـ ( 76 ) متعارف طرز مناظرہ بے سود ہے