کتابت میں غلطی ہو تو مجھے ذمہ دار نہ بنائیں بلکہ خود اصلاح فرمالیں، دعائے خیر میں ہمیشہ یاد کرتے رہیں کہ مالک عالم اعدائے دین کی سرکوبی اور دین متین کی صحیح خدمت کے لئے مزید قوت وہمت عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین بجاہ طہ ویٰسینﷺ وعلیٰ اصحابہ اجمعین وآخر دعوانا ان الحمدﷲ رب العٰلمین!
محمد عبدالعلیم الصدیقی القادری
کیبن ۲۱۹، ایس ایس جنرل وارڈ … یکم مئی۱۹۲۹ء
تقریظ جلیل
صدر الافاضل بدر المماثل خلیفۂ اعلیٰ حضرت
علامہ مولانا سید محمد نعیم الدین قادری اشرفی حنفی مراد آبادیؒ
بسم اﷲ الرحمن الرحیم۰نحمدہ ونصلی علیٰ حبیبہ الکریم!
عزیز ومحبی حامی دین ناصر شرع متین مولانا الحاج شاہ محمد عبدالعلیم صاحب صدیقی سلمہ العلیٰ الولی وحفظہ من شرکل غوی وایدہ بالاید القوی نے مرزائی کا قلم برداشتہ جواب سفر کی رواروی اور جہاز پر ملاقاتوں کے ہجوم میں ایسا لکھا کہ باید وشاید۔ حقیقت واضح ہوگئی اور مرزائیت کے بطلان کا پردہ فاش ہوگیا۔
مرزائی مبلغ کا رد بحمد اﷲ اہلغ وجہ پر ہوا اور مرزائی دین کی بنیادیں متزلزل ہوگئیں سلامت بیان، روانی مضمون، قوت دلیل، حسن ادا ایک ایک بات قابل تعریف ہے۔ اﷲ تعالیٰ جناب مولانا کی اس تحریر کو گم گشتان راہ کے لئے ذریعہ ہدایت بنائے۔ در حقیقت مولانا موصوف اسلام کی بہت بڑی خدمت انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے دور دراز ممالک اور جزائر میں پہنچ کر بروبحر کے سفروں کی صعوبتیں برداشت کرکے اعلاء کلمۃ اﷲ کے لئے اپنی خدمتیں وقف کردی ہیں۔ جزاء اﷲ تعالیٰ خیر الجزائ!
کتبہ العبد المعتصم بحبلہ المتین
محمد نعیم الدین المراد آبادی غفرلہ الہادی!