بسم اللہ الرحمن الرحیم ۔
اسوۂ نبوی کی جامعیت
مولانا سیّد عزیزالرحمن صاحب پاکستان کے ایک جواں سال صاحب قلم عالم ہیں ، انھوں نے ایک کتاب ’’درس سیرت ‘‘ کے نام سے لکھی ہے، یہ اسوۂ حسنہ کے ایک موضوع اخلاق اور اس کے متعلق امور پر ایک جامع ، پُر مغز اور مفید کتاب ہے،اس کتاب کے ہندوستانی ایڈیشن کیلئے یہ سطریں بطور تمہید کے لکھی گئیں ، یہ کتاب اسلامک بک فاؤنڈشن، حوض سوائیوان، دہلی سے شائع ہوگئی ہے۔
خالق کائنات نے انسان کو خلاصۂ کائنات بنایا، احسن تقویم میں اس کی تخلیق کی، دل دیا، دماغ دیا، عقل وشعور کا سرمایہ بخشا، احساسات وجذبات کی قوت عطا فرمائی ، کائنات کی چیزوں پر تصرف کااختیار دیا، پھر حیات وموت کو وجہ امتحان بنایا۔ لِیَبْلُوَکُمْ أَیُّکُمْ أَحْسَنُ عَمَلاً، دیکھیں کردار وعمل کے لحاظ سے کون بہتر ہے، احسن ہے۔
کردار وعمل کی یہ بہتری ، جو اﷲ تعالیٰ کے یہاں مطلوب ہے، اس کامعیار کیا ہے؟ انسانیت کے فضل وشرف کی کسوٹی کیاہے؟ اس سوال کاا صولی جواب یہ ہے کہ کردار وعمل ، بہتر وہ ہے ، جو حق تعالیٰ کو پسند آجائے، انسانیت کی معراج یہ ہے کہ بارگاہِ حق میں محبت وقبولیت سے سرفراز ہوجائے۔
پیا جس کو چاہے سہاگن وہی ہے
پیا کس کو چاہتا ہے ؟ اﷲ کی کتاب پڑھئے! آپ اوّل تاآخر پاتے چلے جائیں گے کہ اﷲ تعالیٰ کسے چاہتے ہیں ؟ ان کے پسندیدہ اور مقبول بندوں کے اوصاف واحوال ، افکار واعمال کیا کیا ہیں ؟ بندہ جب بندہ ہے ، تو بندگی کے تقاضے کیا کیا ہیں ؟اور انھیں کس طرح بجالائے، اپنے خالق ومالک کے حق میں اس کے قلب کا کیا حال ہو؟ محبت ہو، توآدابِ