بسم اللہ الرحمن الرحیم ۔
ماہِ رمضان کی برکتیں
ماہِ مبارک رمضان المقدس سایہ فگن ہے ، نیکیوں کا موسم بہار! طاعتوں اور عبادتوں کا مرکز انوار! نزول قرآن کا مہینہ، برکت ورحمت اور مغفرت کا خزینہ ! دن بھی روشن، رات بھی روشن ، دن کے اوقات روزوں سے معمور، رات کی گھڑیاں تراویح وتہجد سے پُرنور! ہرروزروزِ عید اور ہر شب شبِ برأت!
ماننے والوں کو اﷲ نے وہ نعمت عطا فرمائی کہ ایک رات کی محنت وعبادت پر ہزار راتیں قربان! یقین کرنے والا دل چاہئے ، کرگزرنے والی دھن چاہئے ، رحمت پروردگار آغوشِ کرم کھولے ہوئے ہے، عبادت کرنے والے عبادت کی سوغات لائیں ، قرآن پڑھنے والے تلاوت کاتحفہ لائیں ،یاد کرنے والے ذکر کا ہدیہ لائیں ، گناہگار اشک وندامت اور استغفار کی پونجی لائیں ،قبولیت کی گھڑی ہے ، یہ سال بھر کا جشن بہاراں ہے ، ہر عبادت کی رونق بڑھی ہوئی ، ہر طاعت کی قیمت چڑھی ہوئی۔یَا بَاغِیَ الْخَیْرِ أَقْبِلْ!اے طالبِ خیر آگے بڑھ!یَا بَاغِیَ الشَّرِّ أَقْصِرْ!اوراے طالب شر !ٹھہر۔
دیکھنے والے دیکھیں ! پیغمبر اکی آنکھ سے دیکھیں ، ان کی دی ہوئی خبر پر ایسا یقین کریں گویا وہ خود اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں ، پیغمبرصادق ومصدوق کی خبر ہے ، نقل کرنے والے امام بخاری اور امام مسلم ہیں ، اور ان کے علاوہ محدثین کی ایک بڑی جماعت سے فرماتے ہیں : إذا جاء رمضان فتحت أبواب الجنۃ وغلقت أبواب النار وصفدت الشیاطین۔جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں ، آگ کے دروازے بند کردئیے جاتے ہیں اور شیاطین کو بیڑیوں میں جکڑ دیا جاتا ہے۔