بسم اللہ الرحمن الرحیم ۔
مسلمانوں کے نام ایک اہم پیغام
تمام مسلمانوں کی خدمت میں گزارش ہے کہ زمانۂ نبوت سے دوری ہوجانے کی وجہ سے ہدایت کی راہ دھندلی ہوتی جارہی ہے ، گمراہی کی یلغار ہر طرف بڑھتی جارہی ہے ، کتابوں پر کتابیں چھپ رہی ہیں ، تقریر وخطابت کادروازہ وسیع ہوتا جارہا ہے، ہر شخص مدعی ہے کہ وہ ہدایت کے چراغ روشن کررہا ہے ،مگر اندھیرا ہے کہ اس کے سائے لمبے ہی ہوتے جارہے ہیں ۔ ہر دو حرف جاننے والا اس پندار میں مبتلا ہے کہ دین ومذہب کی ترجمانی اور اس میں رائے زنی کا اسے حق حاصل ہے ، خواہش نفس کو دین الٰہی کا عنوان دینے میں کوئی جھجھک نہیں محسوس کی جاتی ، اور عام مسلمانوں کا بھی یہ حال ہے جہاں کسی زبان وقلم کے دھنی نے ادعائی انداز میں کوئی بات زور اور قوت کے ساتھ کہی یا کوئی کتاب کروفر سے لکھی ، بس اسی پر پھسل پڑے ، اور یہ سوچنے لگے کہ لکھنے یا بولنے والا یقینا حق پر ہوگا جبھی تو اس کی بات میں اس درجہ قوت اور شوکت پائی جاتی ہے ، اس کا نتیجہ یہ ہے کہ روز بروز مسلمانوں کے معاشرہ میں اختلاف ونزاع کی شاخیں بڑھتی جارہی ہیں ، اور ہر فرد اور ہر گروہ کو یہ اصرار ہے کہ حق اسی کے دائرہ میں محدود ومنحصر ہے ، اس سلسلے میں عام اہل اسلام کی خدمت میں نہایت خیر خواہی اور دلسوزی کے ساتھ گزارش ہے کہ ہر لکھنے والے اور بولنے والے کی بات پر دھیان نہ دیں بلکہ چند اصولی باتیں محفوظ رکھ لیں اور خوب جانچ پرکھ کر کسی شخص کی بات پر اعتنا کریں ۔
اہل سنت والجماعت :
سب سے پہلے اس بات کا خیال رکھیں کہ دین اسلام کے تمام عقائد واعمال رسول