بسم اللہ الرحمن الرحیم ۔
حفاظت دین وایمان کی حکمت اور مدارس اسلامیہ
ہندوستان میں مدارس اسلامی کی کیا حیثیت ہے ؟ یہ بات اہل نظر پر پوشیدہ نہیں ہے۔ اﷲ تعالیٰ نے اسلامی حکومت کے زوال کے بعد یہاں کے مسلمانوں کو مدارس اسلامیہ کی شکل میں ایک مضبوط اور محفوظ پناہ گاہ عطا فرمائی ہے ، جس کے حصار میں دین وایمان کی حفاظت ہوتی ہے ،
صدیوں پہلے کی بات ہے ، کسی خطۂ زمین پر کافرانہ نظامِ حکومت تھا ۔ وہاں کا حاکم اس بات پر تلاہوا تھا کہ دین حق کا کوئی رواج باقی نہ رہے ، اس دور کے لحاظ سے جو سیاسی اور مذہبی ہتھکنڈے ہوسکتے تھے ، دین حق کے نام ونشان مٹانے میں استعمال کرلئے گئے تھے ، اس وقت چند جوان تھے ، جو اپنے ایمان پر پختہ تھے ، ان کے سامنے دوراہیں تھیں ، ایک یہ کہ وہ برملا اعلان حق کرکے اس کافرانہ نظام حکومت کے مدمقابل کھڑے ہوجاتے ، اور اپنے غلبہ ٔ واقتدار کی جدوجہد کرتے ، پھر وہ ظالم بادشاہ کی دستبرد میں آکر جامِ شہادت نوش کرکے زندۂ جاوید ہوجاتے،یا حالات کی سنگینی میں ایمان بھی کھو دیتے۔ دوسرے یہ کہ اپنے دین وایمان کو بچانے کیلئے کوئی ایسی راہ اختیار کرتے کہ ایمان بھی بچتا ، اور اس دنیا کی زندگی بھی محفوظ رہتی ، بجائے سیاسی چھیڑ چھاڑ اور غلبہ ٔ واقتدار کی کشمکش کے یکسوئی کے ساتھ اپنے گرانمایہ ایمان وعمل کی حفاظت میں لگتے ، شاید اﷲ تعالیٰ بعد میں اس کی برکت سے حالات پلٹ دیں ۔