بسم اللہ الرحمن الرحیم ۔
ماہنامہ ضیاء الاسلام ( والاسلام )کے اجراء کی داستان
رمضان المبارک ۱۴۱۶ھ میں جامعہ عربیہ انوار العلوم جہاناگنج ،ضلع اعظم گڈھ سے ماہنامہ انوار العلوم کااجرا ہوا تھا ، جو سال بھر تک پابندی سے نکلا ، علماء ومشائخ نے بھی اور عام قارئین نے بھی بہت پسند کیا ، مگر بارہ شمارہ نکلنے کے بعد وہ بند ہوگیا۔ دوبارہ اسے محرم ۱۴۲۰ھ میں شروع کیا گیا ، ابھی پانچ شمارے نکلے تھے کہ وہ پھر التوا میں پڑ گیا ، اس کے بعد اس کے مدیر محترم مولانا عبد الرب صاحب اعظمی سے اجازت لے کر اس کا نقش ثانی مدرسہ شیخ الاسلام شیخوپور اعظم گڈھ سے بنام ’’ الاسلام ‘‘ جاری کیا گیا، جس کے بحمد اﷲ اٹھارہ شمارے منظر عام پر آچکے ہیں ، الحمد ﷲ یہ بھی مقبول خاص وعام ہورہا ہے ، اس کے ڈکلیریشن کی درخواست حکومت کے متعلقہ شعبے کو دی گئی ، تو بجائے ’’ الاسلام ‘‘ کے ماہنامہ ’’ ضیاء الاسلام ‘‘ شیخوپور کی منظوری ملی ۔ قارئین کے ہاتھوں میں ماہنامہ ’’ ضیاء الاسلام ‘‘ کا پہلا شمارہ حاضر ہے، جنوری سے جون تک چھ شمارے ’’ الاسلام ‘‘ کے اور جولائی سے دسمبر تک چھ شمارے ’’ ضیاء الاسلام ‘‘ کے ، اس طرح بارہ شماروں کی ایک جلد ہوجائے گی۔ ۲۰۰۲ء کے آغاز سے اس کی دوسری جلد شروع ہوگی جو بارہ شماروں پر مکمل ہوگی۔ اسی طرح انشاء اﷲ سال بسال نظام رہے گا ، قارئین دعا فرمائیں کہ اﷲ تعالیٰ اس سلسلہ کو استقامت بخشیں ۔آمین
آئندہ ماہ سے رسالہ میں چند عنوانات مستقل ہوں گے ، جن کے تحت مضامین شائع کئے جائیں گے۔ انشاء اﷲ
(۱) آغاز سخن: جس میں مختلف اور متنوع موضوعات پر ادارہ کی جانب سے اظہار خیال ہوگا۔
(۲) ضیاء القرآن اور ضیاء السنۃ: ان دونوں عنوانوں میں سے کسی ایک یا دونوں کے