بسم اللہ الرحمن الرحیم ۔
رمضان شریف اور قرآن شریف کی مناسبت
شب وروزسب اﷲ کے ہیں ، ماہ وسال سب اﷲ کے ہیں ، اوقات ولمحات سب اﷲ کے ہیں ، لیکن یہ بھی واقعہ ہے کہ یہ سب اوقات برابر نہیں ہیں ۔ اﷲ نے جس طرح فرشتوں میں ، آدمیوں میں ، زمینوں میں ، آسمانوں میں انتخابات فرمائے ہیں ، اسی طرح اﷲ نے زمانوں میں بھی انتخاب فرمایا ہے ۔ قدوسیوں کی سب سے عظیم القدر جماعت انبیاء علیہم السلام میں بھی حق تعالیٰ نے انتخاب کا عمل جاری فرمایا ہے ، چنانچہ ارشاد ہے:تِلْکَ الرُّسُلُ فَضَّلْنَا بَعْضَھُمْ عَلیٰ بَعْضٍ مِنْھُمْ مَنْ کَلَّمَ اﷲُ وَرَفَعَ بَعْضَھُمْ دَرَجٰتٍ وَآتَیْنَا عِیْسَی ابْنَ مَرْیَمَ الْبَیِّنٰتِ وَأَیَّدْنٰہُ بِرُوْحِ الْقُدُسِ (سورۃ البقرۃ: ۲۵۳) یہ وہ رسول ہیں جن میں سے ہم نے بعض کو بعض کے اوپر فوقیت بخشی ہے ، بعض ان میں وہ ہیں جن سے اﷲ تعالیٰ ہم کلام ہوئے ، اور بعضوں کو ان میں سے بہت سے درجوں سے سرفراز فرمایا ، اور ہم نے عیسیٰ بن مریم کو واضح دلائل عطا کئے ، اور ہم نے ان کی مدد روح القدس سے کی ۔
ٹھیک اسی طریقے سے اﷲ تعالیٰ نے بہت سی کتابیں نازل فرمائیں ، ان میں سے چار کو دین وشریعت کے اجراء وقیام کے لئے منتخب فرمایا، پھر ان چار میں سے تین کو منسوخ فرماکر ایک آخری جامع کلام اپنے آخری پیغمبر خاتم النبین ﷺ پر نازل فرماکر قیامت تک کے لئے اس کو زندہ جاوید ، صحیح اور بلاریب دستور العمل بنادیا۔
قرآن مجید کلام اﷲ ہے ، کلام الٰہی کا تعلق ذاتِ الٰہی کے ساتھ صفت کا ہے ، صفات ذات کا آئینہ ہوتی ہیں ، وہ ذات سے علیٰحدہ کوئی چیز نہیں ہوتیں ، صفات کے آئینے میں ذات کا جلوہ دکھائی دیتا ہے ، وﷲِ الْاَسْمَائُ الْحُسْنیٰ ، اﷲ کے بہتر سے بہتر نام ہیں ، یہ اسماء