بسم اللہ الرحمن الرحیم ۔
رمضان کا پیغام
روز وشب کی گردش اپنی ہمیشہ کی رفتار کے مطابق چلتے ہوئے پھر رمضان المبارک کے مقدس مہینہ تک آپہونچی ہے ۔ اﷲ تعالیٰ نے اس مہینہ کو اور اس مہینہ کے دن اور اس کی راتوں کو دوسرے دنوں اور راتوں سے ایک خاص امتیاز بخشا ہے ۔ یہ نیکیوں کی سوداگری کا مہینہ ہے ، اس ماہ میں ہر نیکی اور طاعت کا بھاؤ بڑھادیا جاتا ہے ، اور بڑھانے والا وہ ہے جس کے یہاں لامحدود خزانہ ہے ، جس کے یہاں لیت ولعل نہیں ہے ، جس کے یہاں بخل وامساک نہیں ہے ، جس سے عہد شکنی کا کوئی اندیشہ نہیں ہے، جس کے یہاں سود وزیاں کا کوئی مسئلہ نہیں ۔ اس کے دربار سے جو وعدہ صادر ہوتا ہے وہ بڑھ چڑھ کر پورا ہوتا ہے ، عالم قدس میں اس مہینہ کا خاص اہتمام ہے ، اہل ایمان کی دائمی قیام گاہ ’’ جنت ‘‘ کو اس ماہ میں نیا رنگ وروغن بخشا جاتا ہے ، یہ مہینہ ایمان وعمل کی بادبہاری کا مہینہ ہے ، اس مہینہ میں صرف آنے والوں کا ہی اعزاز واکرام نہیں کیا جاتا ، بلکہ منہ موڑنے والوں کو بھی پکار پکار کر بلایا جاتا ہے ، کہ برائی کی طرف دوڑنے والے ٹھہرو، ذرا دیکھو تمہارے لئے کیا کیا انتظام ہے؟
اﷲ اﷲ! کیا شانِ کریمی ہے کہ جو آقا ہے ، خالق ومالک ہے، قادر مطلق ہے ، سب کچھ اختیار رکھتا ہے ، سب سے بے نیاز ہے ، وہ اپنے بندوں کو ، غلاموں کو ، بندیوں کو ، باندیوں کو پکارتا ہے ، بلاتا ہے ، ان کو بلاتا ہے جو بے بس اور محتاج ہیں ، لیکن مالک کی شانِ رحیمی نے ایک محدود اور مختصر سا اختیار بخش دیا ہے ، تو اسی کے بل پر لگتے ہیں سر کشی کرنے ، انھیں بھاگنے والے غلاموں کو اپنے لطف وکرم سے بلاتا ہے کہ آ ؤ میں تمہیں معاف کرنے کے لئے تیار ہوں ۔