بسم اللہ الرحمن الرحیم ۔
جماعت اہل حدیث کا تازہ کارنامہ
جماعت اہل حدیث!کیا شے ہے جماعت اہل حدیث؟ سنت وشریعت کی خادم! لیکن چڑچڑی، ضدی اور بے لگام ! خدمت کا انداز نرالا رکھتی ہے ، اور لاریب کہ یہ اندازِ خدمت دوسروں پر بالا ہے۔ یہ پھلجڑیاں چھوڑتی ہے ، پٹاخے پھوڑتی ہے ، ہوائی فائر کرتی ہے ، راہ گیروں کو چونکا دیتی ہے ، انھیں اغل بغل سے ہوشیار کردیتی ہے ، تھوڑی دیر کیلئے آتش بازی کی وجہ سے راستہ چلنا مشکل ہوجاتا ہے، مگر پھر مسافر اپنا راستہ لیتا ہے اور یہ دوسری طرف پٹاخے پھوڑنے میں مشغول ہوجاتی ہے، اور مسافر ہوشیار اور چوکنا رہنے لگتا ہے۔
اس جماعت کا وجود اورتشخص ، احناف کے منھ پر پھلجڑیاں چھوڑنے سے ہوا ، اس نے ایک شوشہ نکالا، کہ احناف کا طریقۂ عبادت سنت کے مطابق نہیں ہے ، نمازوں میں یہ رفع یدین نہیں کرتے ، آمین بالجہر کے یہ قائل نہیں ہیں ، قرأۃ خلف الامام پر یہ عامل نہیں ہیں ،وغیرہ ۔ چار فقہی مسالکِ فکر صدیوں سے چلے آرہے تھے ، ان میں مسائل ودلائل کا اختلاف تھا مگر کوئی یہ کہنے کی جرأت نہیں کرتا تھا کہ فلاں مکتبِ فکر طریقۂ رسول کے خلاف ہے ، یہ پٹاخہ ہندوستان میں چھوڑا گیا کہ احناف کا طرزِ عمل خلافِ سنت ہے ، اور اس پر مزید ایک رَدّا یہ رکھا گیا کہ تقلید شرک ہے ، اس رَدّے نے چاروں مذاہبِ فقہیہ کو چونکا دیا۔
احناف ایک عرصہ سے اپنے مسلک کو رسول اﷲ ا کی عین تابعداری سمجھ کر مطمئن تھے ، اس اطمینان سے ان میں ایک طرح کا ٹھہراؤ محسوس ہونے لگا تھا ، ایسا لگتا تھا جیسے ان پر جمود طاری ہوگیا ہو، حالانکہ حقیقت یہ نہ تھی ، تاہم جب سنت کی اس خدمت گزار جماعت نے ہنگامہ بپا کیا تواحناف چونکے ، ان میں نئی حرکت پیدا ہوئی ۔ انھوں نے دلائل کتاب وسنت کے ذخیروں کو ازسر نو کھنگالنا شروع کیا ، انھیں محسوس ہوا کہ حنفی مسلک مضبوط بنیادوں