جہاں آپ کی تعلیمات کی گہرائی اور گیرائی کا سراغ ملتا ہے، وہیں آپ کی ذاتِ گرامی سے محبت اور اس کے نتیجے میں آپ کی اطاعت کا جذبہ بھی بیدار ہوتا ہے ۔ یہ کتاب اس لائق ہے کہ ہر گھر میں ہو، اور ہر روز اس کا ایک ایک درس پڑھاجائے ، گھر والوں کو سنایا جائے ، اور ہرروز تجدید عزم کی جائے کہ آپ کی ان تعلیمات کو بہ نیت رضاء الٰہی عمل میں لایا جائے گا۔
جو شخص آپ کی سیرت اور آپ کے اخلاق سے جس قدر مشابہت پیدا کرے گا ، حق تعالیٰ کے اتنے ہی نزدیک ہوگا، اسے خالق کے یہاں بھی اور مخلوق کے نزدیک بھی محبوبیت حاصل ہوگی۔
کتاب کے اسباق کے مطالعے کے ساتھ ایسی زندہ شخصیتیں بھی تلاش کی جانی چاہئیں ، جنھوں نے اپنی زندگی کا مقصد اتباع سنت اور اس کے طفیل رضائے الٰہی کو بنا رکھا ہو، کیونکہ آدمی مطالعۂ کتب سے کم اور عملی نمونوں سے زیادہ فائدہ اٹھاتا ہے، ایسے بزرگوں کی صحبت میں اتباع سنت کا شوق بھی پیدا ہوتا ہے، اس کا سلیقہ بھی حاصل ہوتا ہے ، اور اﷲ ورسول کی محبت بھی زندہ ہوتی ہے۔
علامہ سیّد محمد انور شاہ محدث کشمیری کے تلامذہ قرآن وحدیث میں اسوۂ رسول جو کچھ پڑھتے تھے ، اپنے استاذ کی زندگی میں ہوبہو وہی پاتے تھے ۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا سیّد حسین احمد صاحب مدنی کے تلامذہ اپنے استاذ وشیخ کے عمل سے احادیث کی شرح اور تفصیل وتشکیل پاتے تھے ، پھر ان کے لئے اتباع سنت سہل بھی ہوتا تھا ، اور اس کا سلیقہ بھی پیدا ہوتاتھا ۔
اﷲ تعالیٰ توفیق دیں ، سہل فرمائیں ، اور ان نمونوں کو عام کریں ۔ آمین
( اگست ۲۰۰۷ء)
٭٭٭٭٭