دروازہ بند نہیں کیاجاسکتا۔
آپ نے یہاں کس قدر مغالطہ دینے کی کوشش کی ہے۔ جس مسئلہ پر امت کے اکثر علماء نے اتفاق کیا ہے۔ آپ اس کو بعض مفسرین کا عقیدہ بتارہے ہیں۔ حالانکہ اس سے قبل ہم نے امام نوویؒ کا فیصلہ لکھا ہے کہ انہوں نے اس کو جمہور امت کا فیصلہ قرار دیا ہے اور سید سلیمان ندویؒ جن کو آپ نے اپنی تائید میں پیش کیا ہے۔ ان کا فیصلہ سیرت النبی میں یہ لکھا ہوا ہے کہ عذاب جہنم کافر ومشرکین کے لئے دائمی ہوگا اور اسی کو جمہور امت کا فیصلہ قرار دیا ہے۔ چنانچہ سید سلیمان ندویؒ اپنی مشہور کتاب (سیرت النبی ص۷۹۹) پر جمہور کا مسلک عنوان قائم کر کے لکھتے ہیں۔
عذاب کے دائمی ہونے پر سید سلیمان ندویؒ کا مؤقف
’’یہ جو کچھ لکھا گیا ہے۔ اس جماعت کا خیال ہے کہ وہ اﷲتعالیٰ کی رحمت عمومی کی معتقد ہے جمہور کا مسلک اس سے کچھ مختلف ہے۔ اس کے نزدیک بہشت کی طرح دوزخ بھی ہمیشہ باقی رہے گی اور ان لوگوں کو جو شرک وکفر کے مرتکب ہوں گے کبھی دوزخ سے نجات نہیں ملے گی۔‘‘
لیکن ابتداء میں خود سید سلیمان ندویؒ صاحب نے سیرت النبی میں جمہور کے مسلک کو اختیار نہیں کیا تھا۔ سیرت النبی میں اس مسئلہ پر پوری بحث پڑھنے کے بعد یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ندوی صاحب نے جو کچھ لکھا ہے وہ محض ایک اظہار خیال کے درجہ میں لکھا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب اس بحث کا آغاز کیا تو ڈرتے ہوئے اس دعا کے ساتھ قلم اٹھایا ہم اس دعا کو یہاں سیرت النبی مطبوعہ اعظم گڑھ کے حاشیہ ص۷۸۰ سے نقل کر رہے ہیں۔ جو خود ندوی صاحب کے اپنے قلم سے لکھا ہوا ہے۔ ندوی صاحب نے حاشیہ کے ابتداء میں اپنے مؤقف کی حمایت میں سلف میں سے اہل سنت کے ایک مختصر گروہ کو پیش کیا ہے اور متأخرین میں حافظ ابن قیم کو سب سے بڑا مؤید قرار دیا ہے۔ آخر میں اپنے حاشیہ کو سمیٹتے ہوئے یہ دعا کی ہے۔
’’میں نے اس باب کو بہت ڈرتے ڈرتے لکھا ہے کہ اس میں اجمال الٰہی کی تصریح کا جرم عائد ہوتا ہے۔ اگر یہ اختیار کردہ پہلو حق نہ ہو تو اﷲتعالیٰ مجھے معاف کرے اور توبہ کی توفیق بخشے اور اپنی مراد کا دروازہ مجھ پر کھولے۔‘‘ ندوی صاحب کی اس دعا کے بعد یہ امر واضح ہو جاتا ہے کہ انہوں نے جو کچھ لکھا وہ اپنی ایک رائے کی حیثیت سے لکھا۔ جس میں خود ان کو یقین واذعان حاصل نہ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ حق تعالیٰ شانہ نے ان کی دعا قبول فرمائی اور جب سید صاحب کا تعلق حضرت حکیم الامت مولانا اشرف علی صاحب نوراﷲ مرقدہ کے ساتھ ہوا اور حضرت کی خدمت میں بغرض ذکیہ نفس حاضر