ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
باوجود اس کے وہ فرماتے ہیں کہ اس زمانہ میں کچھ مال جمع رکھنا مصلحت ہے کیونکہ اگر ناداری کی حالت میں ضرورت پڑے گی تو مضطر ہو کر پہلے دین ہی کو تباہ کرے گا اس واسطے تنخواہ ضرور لے اور اگر کچھ بچ جاوے تو اس کو جمع کرتا رہے ـ ترک تدبیر بھی بڑا مجرب نسخہ ہے فرمایا میں نے شورش کے زمانہ میں حضرات مدرسہ دیوبند کو لکھا کہ اب تک تو آپ تدبیرات میں رہے ـ اب ترک تدبیر کر کے بھی دیکھ لیا جاوے یہ نسخہ بھی بڑا مجرب ہے اور اس ترک تدبیر میں اگر نقصان بھی ہوا تو اتنا نہ ہو گا جتنا تدبیرات میں ہوا ہے مگر اکثر لوگ تدبیرات ہی میں لگے رہتے ہیں ف : مراد وہ تدبیرات ہیں تو اغراض غیر مقصودہ کے لئے کی جاتی ہیں ـ کید نفس ، قید نفس او صید نفس ایک مہتمم مدرسہ نے لکھا کہ میں مدرسہ کی قلم دوات سے اپنا خط نہیں لکھتا اس میں نفس کا کوئی کید تو نہیں ؟ فرمایا اس میں کید نفس نہیں بلکہ قید نفس ہے جس میں صید نفس ہے ـ حکایت مولانا سید احمد صاحبؒ اپنے استاد مولانا سید احمد صاحبؒ مدرس دیوبند کی حکایت بیان فرمائی کہ ان کے ماموں حضرت مولانا محبوب علی صاحب کے ہاں اولاد نہ ہوئی تھی اس وجہ سے وہ مغموم رہتے تھے ـ مولانا سید احمد صاحبؒ بہت کم عمر تھے مگر بڑے ذہین ـ ماموں صاحب کو ایک روز مغموم دیکھ کر فرمایا یہ غم کی کوئی وجہ نہیں بلکہ خوشی کا مقام ہے کیونکہ جس شخص کے ہاں اولاد ہو وہ من وجہ مقصود ہے یعنی اپنے آباء کے اعتبار سے اور من وجہ مقدمہ ہے اپنے ابناء کے اعتبار سے اور جس کے ہاں اولاد نہیں وہ محض مقصود ہے کسی کا مقدمہ نہیں اور ظاہر ہے مقصود کا مرتبہ مقدمہ سے بڑھا ہوا ہے ـ ماموں صاحب مسرور ہو گئے ـ