ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
آدمی جب اعتدال سے بڑھ جائے تو حق تعالی شانہ ، سزا دیتے ہیں فرمایا مولوی نذیر حسین صاحب پہلے سخت حنفی متشدد تھے مگر آدمی جب اعتدال سے بڑھ جاتا ہے تو حق تعالی اس کو سزا دیتے ہیں اور وہ وہی کرنے لگتا ہے جس سے پہلے سختی سے روکتا تھا ۔ مولوی فضل حق صاحب کو سلسل البول کی بیماری تھی فرمایا مولوی فضل حق صاحب کو سلسل البول کی بیماری تھی اور وہ شیعوں کی طرح کلوخ استعمال نہیں کرتے تھے ۔ ایک موضع میں جب پیشاب کا وقت آیا تو خادم کو کہا کہ پانی رکھ دو ۔ تو ایک شیعہ نے کہا کہ آپ کلوخ استعمال نہیں کرتے ؟ جواب میں کہنے لگے کہ جب سے بیمار ہوا ہوں شیعہ کے مذہب پر پیشاب کرتا ہوں ۔ آمین بالسر کسی کا مذہب نہیں فرمایا نواحی بھوپال میں آمین بالجہر اور رفع یدین پر جھگڑا ہوا اور مقدمہ عدالت میں پہنچا ۔ ایک انگریز کو تحقیقات کیلئے حکم ہوا تو اس انگریز نے تحقیق کی اور فیصلہ یہ لکھا کہ تحقیق کرنے سے معلوم ہوا کہ آمین کی تین قسمیں ہیں ۔ ایک " بالسر ،، یعنی آہستہ کہنا اور یہ بعض اہل علم کا مذہب ہے ۔ اور ایک " بالجہر ،، یعنی زور سے کہنا اور یہ بھی بعض اہل علم کا مذہب ہے ۔ اور ایک " بالشر ،، یعنی محض شرارت سے اور فساد برپا کرنے کیلئے آمین زور سے کہنا ۔ اور یہ کسی کا مذہب نہیں ۔ یہ لوگ آمین بالشر کرتے ہیں ۔ فرمایا کہ یہ امور ایسے ہیں کہ ان کی وجہ سے کسی کو برا نہ کہا جائے ۔ اور روکنا بھی جائز نہیں بشرطیکہ کرنے والا دوسری جانب گمراہ و غلطی پر نہ سمجھے ۔ خواب کو قرب حق میں کچھ دخل نہیں فرمایا ایک شخص نے کچھ خواب لکھے ۔ میں نے جواب دیا ؎ نہ شبم نہ شب پرستم کہ حدیث خواب گویم چو غلام آفتابم ہمہ ز آفتاب گویم