ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
بسم اللہ الرحمن الرحیم خدا تعالی کا ہزار احسان اور صد ہزار منت ہے کہ ملفوظات " الکلام الحسن ،، کا وہ حصہ جو مطبوعہ تھا بخیر و عافیت ختم ہو گیا ـ یہ وہ حصہ تھا کہ اس کا ایک ایک حرف حضرت اقدس حکیم الامت مولانا محمد اشرف علی تھانوی قدس سرہ کی نظر اصلاحی سے گزرا ہوا اور حضرتؒ کا تصحیح فرمایا ہوا تھا اب اسی لقب کے ساتھ ملفوظات کا وہ مجموعہ شروع کیا جا رہا ہے جو حضرت مولانا مفتی محمد حسن صاحب مد ظلہم کے پاس محفوظ ہے اور اب تک طبع نہیں ہوا ـ چونکہ اس مجموعہ پر حضرت اقدس سرہ کی نظر اصلاحی نہیں ہوئی اس لئے حضرت مفتی صاحب نے فرمایا ہے کہ اس مجموعہ کو شروع کرنے سے قبل مندرجہ ذیل تنبیہ کا اضافہ کر دیا جائے ـ ( مدیر ) ضروری تنبیہ چونکہ حضرت صاحب ملفوظات رحمتہ اللہ علیہ کی نظر اصلاحی کے شرف سے یہ مجموعہ ملفوظات بخلاف گزشتہ مجموعہ کے محروم ہے اس لئے اگر اس میں کوئی بات خلاف تحقیق نظر آئے وہ اس بے علم و بے مایہ ، نا اہل و نا کارہ کی یاد یا نقل یا نا واقفیت یا فہم وغیرہ کی کوتاہی سمجھی جائے ـ حضرتؒ کی طرف ہرگز منسوب نہ کی جائے کہ وہ ذات والا صفات ایسی باتوں سے کہیں بالا اور ارفع و اعلی تھی ـ فقط