ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
کلام خبری کی تعریف فرمایا کلام خبری کی تعریف مشہور تو یہ ہے کہ اس میں صدق و کذب دونوں کا احتمال ہو ـ اس پر سخت اشکالات واقع ہوتے ہیں اس لئے مجھ کو تو یہ پسند ہے کہ وہ صدق یا کذب کسی ایک کے ساتھ بھی متصف ہو بخلاف انشاء کے کہ کلام انشانی کسی ایک کے ساتھ بھی متصف نہیں ہوتا ـ قلندر کی تعریف فرمایا سلف کی اصلاح میں قلندر اس کو کہتے ہیں جس کے اعمال ظاہری کم ہوں اور ملامتی اس کو کہتے ہیں جو اعمال کے اخفاء کی کوشش کرے ـ حکایت حضرت شیخ احمد رفاعی فرمایا حضرت شیخ احمد رفاعی حضرت غوث الاعظم کے ہمصر ہیں اور بہت بڑے درجہ کے شخص ہیں ـ ایک دفعہ ایک شخص حضرت غوث اعظم کی خدمت میں بیعت کے لئے حاضر ہوا ـ حضرت غوث اعظم نے فرمایا تیرے جبیں پر شقاوت معلوم ہوتی ہے اس لئے میں بیعت نہیں کرتا ـ غرض بیعت نہ کیا وہ شخص حضرت شیخ احمد رفاعیؒ کے پاس چلا گیا ـ اس کو دیکھتے ہی فورا فرمایا کہ میرے بھائی نے تو رد کر دیا لاؤ میں اشقیاء کو مری کروں گا ـ پس اس شخص کے حق میں دعا فرمائی تو اس کی شقاوت مبدل بسعادت ہو گئی پھر وہ شخص حضرت غوث اعظم کی خدمت میں آیا اس کو دیکھ کر فرمایا کہ یہ میرے بھائی ہی کا مرتبہ ہے کہ اشیقاء کو دعا کر کے سعداء بنا سکتے ہیں ـ حضرت شیخ احمد رفاعیؒ کا ایک واقعہ بھی ہے انہوں نے فرمایا کہ حق تعالی نے ارواح کو جمع کیا اور فرمایا جو چاہتے ہو مانگو سب نے کچھ کچھ مانگا حضرت شیخ احمدؒ نے فرمایا میں نے کہا ارید ان لا ارید و اختار ان لا اختار جس کا حاصل یہ تھا کہ میں کچھ نہیں چاہتا بجز اس کے کہ کچھ چاہوں ـ پس فرماتے ہیں کہ مجھ کو وہ کچھ عنایت ہوا کہ ما لا عین رات و لا اذن سمعت و لا خطر علی قلب بشر من اھل ھذا العصر ـ اس میں بظاہر حضرت غوث اعظمؒ بھی داخل ہیں گو بتفاضل جزئی سہی ـ