ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
گھر میں کام کا شغل فرمایا گھر میں عورتیں آتی ہیں ۔ کیا صلاح ہو گی وہاں تو کوئی پوچھے تو جواب ملتا ہے کام کا شغل رہتا ہے ۔ بوڑھے شخص سے زیادہ پردہ کرنا چاہیے فرمایا بوڑھے سے زیادہ پردہ کرنا چاہیے کیونکہ اس میں جیسے اور قوی کمزرو ہیں ایسے ہی مقاومت بھی کمزرو ہے اور تقاضہ اس کو بھی ہوتا ہے اور مقاومت کر نہیں سکتا دوسرے یہ کہ اس کو احساس شہوت کم ہوتا ہے ۔ اس واسطے وہ اس کو شہوت کم سمجھتا ہے تیسرے یہ کہ اس کو تجربہ کی وجہ سے ادراک حسن کا زیادہ ہوتا ہے اور مبادی حسن پر بہت نظر ہوتی ہے ۔ تھوڑے خیال سے یہ مادہ موجود ہو جاتا ہے ۔ چوتھے یہ کہ جوان بعد فراغت سرد ہو جاتا ہے ۔ اور اس میں فراغت ہوتی نہیں ۔ اس واسطے اس میں میلان قوی رہتا ہے ۔ حسن کو سوچ سوچ کر مزے لیتا رہتا ہے جو قلب کا زنا ہے ۔ حضرت شیخ عبد القادر جیلانیؒ پر ایک کیفیت کا غلبہ فرمایا مولوی عاشق الہی صاحب نے یہ سوال کیا کہ حضرت شیخ عبد القادر جیلانیؒ پر تفویض کا غلبہ ہے ۔ دعا کا اہتمام نہیں ۔ اور احادیث سے دعا کی ترغیب معلوم ہوتی ہے اور ہمارے اکابر کا بھی یہی معمول تھا اور حضرت شیخ کا طرز اس کے خلاف ہے ۔ میں نے جواب دیا کہ ان پر اس کیفیت کا غلبہ تھا ۔ مگر بڑا اشکال یہ ہے کہ تفویض بھی مرغوب ہے اور دعا بھی ۔ ان میں جمع کیسے ہو گا ؟ اس کا جواب میں نے یہ دیا کہ عین دعا کرنے کے وقت جزم تو مضمون دعا کا رکھے گا مگر پورا یقین یہ بھی رکھے کہ جو درخواست میں جرم کے ساتھ ادا کر رہا ہوں اس کے خلاف کا بھی اگر وقوع ہوا تو میں اس پر راضی ہوں ۔ قلب پر خلاف واقعہ وارد نہ ہونا فرمایا میرے قلب پر جو وارد ہوتا ہے وہ خلاف واقعہ نہیں ہوتا ۔