ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
عدم اجابت دعا کفار پر استدلال درست نہیں فرمایا حضرت مولانا محمد قاسم صاحبؒ ایک زمانہ میں مطبع مجتبائی میں دس روپے کے مشاہرہ پر کام کرتے تھے ـ جب حضرت حاجی صاحبؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے عرض کیا کہ حضرت اگر آپ مجھے مشورہ دیں تو ملازمت چھوڑ دوں ـ حضرت حاجی صاحبؒ نے فرمایا " مولانا ابھی تو آپ مشورہ ہی لے رہے ہیں ـ مشورہ دلیل ہے تردد کی اور تردد دلیل ہے خامی کی اور خام کو ترک اسباب نہیں چاہیے ،، ـ یہ جواب وہی دے سکتا ہے جس کے سامنے حقائق پورے طور سے حاضر ہوں ـ اہل درس اپنے ذہن کو ٹٹول کر دیکھ لیں ان سے ہرگز یہ جواب نہ بن سکے گا اور قیامت تک وہ ایسے مقدمات مرتب نہ کر سکیں گے ـ حرام نوکری جلدی ترک نہ کرانے میں حکمت فرمایا بعض مشائخ حرام نوکری کے ترک کا اس لئے مشورہ نہیں دیتے کہ بعض اوقات گناہ کفر کا وقایہ ہو جاتا ہے مگر گناہ کو برا سمجھے ـ گناہ کو چھوڑ کر کفر میں مبتلا نہ ہو جاوے ـ سفر حج میں مالدار اور غریب کا مکالمہ فرمایا سفر حج میں ایک مالدار اور ایک غریب کا عجیب مکالمہ ہوا ـ غریب کو ناداری سے کچھ تکلیف پہنچی اسے دیکھ کر امیر نے کہا نا خواندہ مہمان کے ساتھ یہی سلوک ہوتا ہے اور جب تم کو بلایا نہیں گیا تو آ ئے کیوں ـ ہمیں دیکھو اللہ میاں نے بلایا ہے تو کس طرح کا آرام پہنچایا ہے ـ غریب نے کہا کہ تم سمجھے نہیں ـ ہم تو گھر کے آدمی ہیں تقریبات میں گھر والوں کی رعایت نہیں ہوا کرتی جیسی باراتی مہمانوں کی ہوتی ہے مگر وہ اجنبی ہوتا ہے ـ اسی لئے اس کی خاطر کی جاتی ہے ـ چنانچہ حضرات انبیاء علیہم السلام کو جو کہ سب سے زیادہ مقرب ہیں ظاہری ساز و سامان کم ملتا ہے اس لئے ہماری پوچھ کم ہے تمہاری زیادہ ہے ـ حکایت حضرت میاں جی نور محمد صاحب فرمایا حضرت میاں جی نور محمد صاحب ( دادا پیر ) رحمتہ اللہ علیہ کی شان میں ایک