ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
سائیں توکل شاہ صاحبؒ کا اللہ کا نام لیتے ہی زبان میٹھی ہونا فرمایا میں حضرت مولانا رفع الدین صاحبؒ مہتمم مدرسہ دیو بند کے ہمراہ سائیں توکل شاہ صاحبؒ کے پاس گیا فرماتے تھے کہ جب اللہ کا نام لیتا ہوں تو زبان میٹھی ہو جاتی ہے ۔ کیا افطاری میز کرسی پر جائز ہے ؟ ایک شخص نے کہا کہ افطاری میز کرسی پر جائز ہے یا نہیں ؟ فرمایا اس کی حرمت کے فتوے میں تامل ہے کیونکہ اب میز پر کھانا مشہور ہو گیا ہے اور شہرت کی وجہ سے تشبہ سے نکل جائے گا مگر پورا مشہور نہیں ہوا ۔ کچھ اس نقشہ سے کھٹک دل میں رہتی ہے ۔ جب لوگوں کے دل میں کھٹک نہ رہے گی پھر مشتبہ سے نکل کر جائز ہو گا ۔ ہدیہ میں تکلف عدم مناسبت کی نشانی ہے فرمایا جو ہدیہ پیش کرنا چاہے بہتر یہ ہے کہ وہاں کی دو چار چیزیں لکھ دے اور جو مقدار ہدیہ پیش کرنا چاہتا ہو وہ بھی لکھ دے پھر میں تعین کروں گا اس میں راحت ہوتی ہے تکلف نہ چاہیے ۔ یہ نشانی ہے عدم مناسبت کی ۔ اذاجاء ت الالفتہ رفعت الکلفتہ ۔ بعض لوگ صرف برکت کے ارادے سے آتے ہیں فرمایا بعض لوگ صرف برکت کے مقصد سے آتے ہیں دریافت کچھ نہیں کرتے ۔ اور نہ کچھ سمجھنے کا خیال کرتے ہیں ۔ احضار قلب کی ضد غفلت ہے فرمایا احضار قلب کی ضد غفلت ہے اغفال نہیں ۔ پس ترک قصد احضار بھی غفلت ہے اور اخلاص و احضار قلب یہ احسان کے اجزاء ہیں یا شرائط ہیں ۔