ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
اس حدیث سے وحدت وجود پر استدلال غلط ہے فرمایا : اجعل الا لھۃ الھا واحدا ( کیا اس نے بہت سے معبودوں کی جگہ ایک معبود اختیار کر لیا ؟ ) سے وحدت وجود پر استدلال غلط ہے یہ جعل ایسا ہے جیسا حدیث میں من جعل الھموم ھما واحدا ھم الاخرۃ جعل کا ترک مفعول اول اور ثانی کو اختیار کرتا ہے ۔ پراویڈنٹ فنڈ پر زکوۃ اور سود کا حکم فرمایا جو روپیہ ملازمین کی تنخواہ سے حکومت اپنے پاس رکھتی ہے وہ ملازم کا مملوک ہے اس پر زکوۃ آ ئے گی اور اس پر جو زیادہ ملے گا وہ سود ہو گا ۔ اجرت کے بارے میں فقہاء کی عبارتیں کبھی تستحق اور کبھی تملک وارد ہیں ۔ واؤڈ ظاہری ؒ اور ابو سعید بردعیؒ فرمایا داؤد ظاہریؒ اور ابو سعیدؒ بروعی حنفی ام ولد ( ام ولد اس باندھی کو کہتے ہیں جس سے آقا صحبت کر لے ۔ حفنیہ کے نزدیک اس کی بیع جائز نہیں ) کی بیع میں مناظرہ ہوا ۔ شاید یہ قصہ نہایہ میں ہے یا کفایہ میں ۔ داؤد فرماتے ہیں کہ جائز ہے اور دلیل یہ بیان فرمائی کہ ام ولد ہونے سے پہلے بالاتفاق اس کی بیع جائز تھی ۔ بعد میں اختلاف ہوا تو قاعدہ کلیہ ہے کہ : الیقین لا یزول بالشک " یقین محض شک سے دور نہیں ہوتا ،، اس لئے اس کی بیع اب اس شک پیدا ہو جانے سے نا جائز نہ ہو گی ۔ ابو سعید نے فرمایا کہ حاملہ ہونے کی حالت میں بیع بالاتفاق نا جائز تھی بعد انفصال اختلاف ہوا تو الیقین لا یزول بالشک ۔ پھر غیب سے آواز آئی : اما الزید فیذھب جفاء و اما ینفع الناس فیمکث الایۃ " جھاگ جو ہوتا ہے تو وہ بہر حال پادر ہوا ہو جاتا ہے اور لوگوں کے نفع کی چیز باقی رہتی ہے ،، ۔ لوگ سمجھ گئے کہ داؤد کی موت قریب آ گئی اور ابو سعید ابھی زندہ رہیں گے پھر یو نہی ہوا ۔ ابو سعید 120 سال تک زندہ رہے ۔