ہے۔ اس کے آخر میں ’’ولادت مسیح علیہ السلام‘‘ کا عنوان قائم کر کے تفسیر ثنائی مصنفہ مولانا ثناء اﷲ امرتسری ص۷۴۳تا۷۴۸ کو بمع حاشیہ کے نقل کر دیا گیا ہے۔ مولانا محب اﷲؒ نے اسے نومبر ۱۹۸۹ء میں مرتب کیا۔ لیکن اس کی اشاعت مئی ۲۰۰۳ء میں ہوئی۔
۱۲… کیا قادیان میں مناظرہ قبول کیا جائے گا؟: مولانا عبدالکریم صاحب مباہلہ پہلے قادیانی ہوئے۔ پھر آپ نے اسلام قبول کیا۔ آپ کی کتب ورسائل احتساب قادیانیت جلد۲۷ میں ہم شائع کر چکے ہیں۔ یہ رسالہ بھی ان کا شائع کردہ ہے۔ بعد میں ملا۔ اب اس جلد میں شامل کیا جارہا ہے۔ یہ تاریخی رسالہ ہے۔ آپ نے جب قادیانیت ترک کی تو شعبہ تبلیغ احرار اسلام ہند امرتسر کے آپ ناظم تبلیغ مقرر ہوئے۔ اس رسالہ میں ہمارے استاذ محترم مولانا محمد حیاتؒ، اور مولانا عنایت اﷲ چشتیؒ کی مختصر ماہانہ تبلیغی رپورٹ بھی شامل ہے۔ یہ تو طے ہے کہ پاکستان بننے سے قبل کا یہ رسالہ ہے۔ لیکن کب شائع ہوا یہ کہیں درج نہیں۔
۱۳… سید عطاء اﷲ شاہ بخاریؒ کی باطل شکن مجاہدانہ تقریریں: ہمارے دفتر مرکزیہ کی لائبریری میں ۵۵صفحات پر مشتمل ایک قلمی خوشخط کاتب کی لکھی ہوئی کاپی ملی۔ جس کے ٹائٹل پر ملک فتح محمد ولد الحاج محمد بخش اعوان لکھا ہے۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے کراچی دفتر میں بہت پہلے ۱۹۷۰ء سے ۱۹۷۴ء کے درمیان ایک صاحب فتح محمد صاحب ہوتے تھے۔ بھارے جسم اور درمیانے قد کے تھے۔ رنگ پکا، رنگ سے کہیں زیادہ خود پکے نظریاتی جماعتی ساتھی تھے۔ غالب گمان ہے کہ یہ کاپی ان کی کتابت کروائی ہوئی ہے۔ حضرت امیرشریعتؒ کی جو تقریر جس اخبار میں شائع ہوئی اس کے حوالے سے انہوں نے اس تقریر کو کاپی میں خوشخط لکھوا لیا۔ نہیں معلوم کہ جن دوستوں نے حضرت امیرشریعتؒ کے خطبات شائع کئے ان میں یہ تقریریں شائع ہوگئی ہیں یا نہیں۔ اس میں حضرت امیرشریعتؒ پر کچھ شعراء کا کلام بھی ہے۔ فقیر نے اس پورے مسودہ کو احتساب کی اس جلد میں شامل کر لیا کہ چلو یہ مسودہ محفوظ ہو جائے گا۔ نیز یہ کہ احتساب قادیانیت کی اس کتاب کو حضرت امیرشریعتؒ سے ایک نسبت بھی حاصل ہو جائے گی۔ کیونکہ وہ ہمارے امیر اوّل تھے اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے بانی رہنما، ان کا حق بھی ہے۔ حق تعالیٰ ہم سب کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق رفیق فرمائیں۔
۱۴… قہر یزدانی برقلعہ قادیانی: مولانا مفتی نظام الدینؒ ملتانی تھے۔ بعد میں وزیرآباد شہر میں منتقل ہوئے۔ وہاں وصال ہوا۔ یہ رسالہ آپ کا مرتب کردہ ہے اور خوب سے خوب تر ہے۔
۱/۱۵… ردقادیانی: مولانا قاضی غلام ربانی چشتی حنفی شمس آباد ضلع اٹک کا یہ رسالہ ہے۔