ملفوظات حکیم الامت جلد 17 - یونیکوڈ |
|
اگر باطنی تعلیم حاصل کرنے آتے تو جب تک ان سے یہ کہلا لیتا کہ گمراہ ہیں ہرگز قیام کی اجازت نہ دیتا کیونکہ ہمارے ان کے عقائد میں سخت اختلاف تھا ۔ پھر خدام میں سے ایک صاحب اہل بدعت کے تذکرہ کرنے لگے حضرت نے روک دیا ۔ فرمایا کہ خیر ! ان تذکروں سے کدورت ہوتی ہے انہیں چھوڑیئے ۔ مجھے تو معاملہ کی وجہ سے یہ تذکرہ کرنا پڑا ۔ بجز ذکر محبوب کے کسی کا ذکر ہی نہ ہونا چاہیے ۔ بلکہ دنیا کی باتیں کرلینا اس سے اچھا ہے ۔ ان قصوں سے بہت ہی کدورت اور ظلمت قلب میں پیدا ہوتی ہے ۔ میں تو بلا ضرورت کبھی ذکر نہیں کرتا ۔ کیا کروں اس وقت ضرورت ہوگئی۔ پھر فرمایا کہ اگر کسی کو خالی اختلاف بھی ہوتو توبھی خیر ایک خطا ہے ۔ لیکن جو اہل حق سے اختلاف کے ساتھ عداوت بھی رکھیں ۔ اس سے تو سخت ناگواری ہوتی ہے وہ اہل حق سے عداوت رکھتے تھے اس وجہ سے ناگواری ہوتی ہے ۔ بہت ہم نے بچپن میں جاہل فقیروں کو دیکھا ہے گانا بجانا سبہی کچھ تھا لیکن اہل حق کے ساتھ عداوت نہ تھی ۔ بلکہ انقیاد اور تسلیم تھا ۔ اہل حق سامنے پست ہوجاتے تھے ۔ زبان سے کہتے تھے کہ ہم گنہگار ہیں ۔ اللہ معاف کرے کتنی بڑی بات تھی ۔ آج ان کی قدر ہوتی ہے ۔ گنگوہ میں ایک پیر زادے تھے نہایت حسین وجمیل بزرگ صورت ۔ معلوم ہوتا تھا کہ واقعی پیر ہیں ۔ ذاکر شاغل آدمی ۔ میں اتفاق سے گنگوہ گیا ۔ مجھے اپنے گھر لے گئے اور اپنی کو بیوی کو مجھ سے بیعت کرایا ۔ لوگوں نے کہا کہ آپ تو خود پیر زادے ہیں بیعت لیتے ہیں ۔ ان کا مرید کیوں کرایا کہنے لگے کہ بھائی پیر تو یہی لوگ ہیں ہم تو روٹی کھانے کے پیر ہیں۔ پھر حج کو گئے بمبئ کے بعضے سیٹھ لوگ ان کے مرید تھے ۔ انہوں نے پیر پکڑے تو منع کردیا کہ یہ شریعت کے خلاف ہے وہ لوگ آپس میں کہتے تھے کہ پیر پکڑے گئے وہابی ہوگئے ۔ پیر پکڑنے سے منع کرتے ہیں ۔ افسوس ہے ایسا پیر پکڑا گیا ہے ان کے بھانجے ان کے ہمراہ تھے وہ کہتے تھے کہ حج سے واپس ہونے کے بعد ان کا رادہ تھا کہ یہاں آکر بیعت ہوں گے لیکن وہی انتقال ہوگیا یہ بھی ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہیں رہ گئے وہ دل سے نفور ہوگئے تھے اپنے طریقہ سے ۔ گنگوہ کے پیرزادوں میں یہ بات ہے ایسے ہی انیہٹہ کے پیرزادے ہیں ۔ گوہیں اپنے اسی طریقہ پر ۔ لیکن اہل حق سے عداوت نہیں۔ ادب تعظیم علماء کی دل سے کرتے ہیں ان لوگوں کو عداوت نہیں بلکہ عقیدت ہے ہم لوگوں کو بھی ان سے عداوت نہیں ۔ ان کے فعل کو البتہ برا سمجھتے ہیں ۔