ملفوظات حکیم الامت جلد 17 - یونیکوڈ |
|
ہوگئے ان کا خط آیا جس میں اس تصور کا حوالہ تھا ۔ استفسار پر فرمایا کہ میں ان امور متعلقہ تربیت باطن میں منقولات کتب کا پابند نہیں جو سمجھ میں آگیا تجویز کردیا ۔ یہ مراقبہ ان کی مناسبت دیکھ کر تجویز کریا ہوگا ۔ ملفوظ (398) مشورہ شدہ بات میں ترمیم کا طریقہ فرمایا کہ جو بات میں مشورہ سے طے کرتا ہوں اس میں ترمیم بھی بلا اطلاع مشورہ والوں کے نہیں کرتا ۔ ملفوظ (399) کبوتروں کے خواب کی تعمیر بچپن میں کبوتروں کی ایک خواب کی تعبیر اپنے ایک ماموں صاحب کی بتائی ہوئی نقل فرمائی کہ تم کو بلا مجاہدہ شریعت اور طریقت کا نور حاصل ہوگا ۔ احقر نے عرض کیا کہ حضور نے بہت مجاہدے کئے ہیں فرمایا کہ میں نے کبھی مجاہدے نہیں کئے کبھی یاد نہیں کہ سال بھر بھی میں نے پوری بارہ تسبیح کبھی پڑھی ہوں ۔ حضرت حاجی صاحب کی توجہ اور نیز قلب میں اس دھن کے ہر وقت بسے رہنے سے حاصل ہوا جو کچھ ہوا ۔ پھر فرمایا کہ خیر حاصل تو کیا ہوا لیکن انشاء اللہ امید ہے کہ مردودیت تو نہ ہوگی ۔ ملفوظ (400) کام کرتے وقت ثمرات پر نظر کا نقصان فرمایا کہ کام کرنے کے وقت ثمرات پر نظر نہ چاہیئے ۔ اگر کوئی امتحان کے وقت یہی سوچتا رہے کہ نتیجہ کیا ہوگا تو وہ سوالات کے جوابات کیا خاک لکھے گا ۔ ایک بار اسی کی مثال یہ فرمائی کہ اگر مزدور سڑک کوٹنے کے وقت اپنی اجرت ہی کے حساب کتاب میں رہے تو وہ کچھ بھی کام نہیں کرسکتا ۔ بلکہ ہاتھ پاؤں میں چوٹ لگ جانے کا بھی اندیشہ ہے ۔ ملفوظ ( 401) حیوانات میں عقل بلقیس اور ہدہد کے قصہ کا ذکر آیا فرمایا کہ محققین کا قول ہے کہ حیوانات میں بھی عقل ہوتی ہے گو وہ اتنی نہیں ہوتی کہ ان کا مکلف کرسکے ۔ ہد ہد نے توحید کے متعلق عجیب و غریب باتیں کی ہیں۔ محض طبعی طور پر ایسی باتیں نہیں ہوسکتی ۔ پھر ہنس کر فرمایا کہ ہد ہد اتنا بڑا عقل مند لیکن اب کوئی بے وقوف ہوتو کہتے ہیں نرے ہد ہد ہی ہو ۔