ملفوظات حکیم الامت جلد 17 - یونیکوڈ |
|
اگر بدگمانی نہ کی تو کیا نقصان ہوا ۔ پھر فرمایا کہ اس کا منشاء بہت سی چیزیں ہیں اور ان سب کا منشاء کبر ہے ۔ اگر سب سے کمتر آپ کو سمجھے گا تو جس وقت بدگمانی ہونے لگے گی فورا اپنا عیب پیش نظر ہوجائے گا ۔ اور سوچے گا کہ ہم تو اس سے بھی زیادہ نالائق ہیں ۔ پھر کبھی اس کی نوبت نہ آئے گی ۔ لہذا کبر کا علاج کسی کامل شخص کے پاس رہ کر کرانا ضروری ہے ۔ ملفوظ ( 606) تلقین ذکر اور تبدیلی نام ایک دیہاتی ذاکر صاحب نے علاوہ نفی اثبات کے اور کچھ پڑھنے کو پوچھا ۔ فرمایا کہ اسم ذات اللہ اللہ ایک ہزار سے شروع کرو اگر وقت بچے تو ایک تسبیح روز بڑھاتے جاؤ ایک ایک تسبیح بڑھا بڑھا کر جہاں تک گنجائش ہو ٹھہرادی جائے اور اگر زیادہ گنجائش ہوتی جائے تو تین ہزار تک بڑھایا جائے ۔ اور چلتے پھرتے جب دھیان آجائے ۔ استغفار یعنی استغفراللہ ربی من کل ذنب واتوب الیہ ۔ انہیں صاحب نے غالبا بیوی کی شکایت کی کہ نماز کی طرف سے غفلت کرتی ہے اور دعا کی درخواست کی ۔ فرمایا کہ سمجھاتے رہو۔ سختی نہ کرو ۔ اللہ اس کی اصلاح فرما دے ۔ یہ بھی ان صاحب نے عرض کیا کہ میرا نام پیر بخش ہے جو اچھا نہیں ہے کیونکہ ایسا نام رکھنا جائز نہیں ہے کوئی اور نام رکھ دیا جائے فرمایا کہ واقعی یہ نام اچھا نہیں ہے پھر دریافت فرمایا کہ اگر کوئی دوسرا نام رکھ دیا جائے تو کیا وہ مشہور ہوجائےگا ۔ انہوں نے عرض کیا کہ لوگوں سے کہہ کر کوشش کروں گا ۔ فرمایا کہ تمہیں کون سا نام پسند ہے وہ ہی رکھدوں ۔ عرض کیا کہ جو حضور رکھ دیں گے ۔وہی پسند ہوگا ۔ حضرت نے فرمایا کہ کبیر بخش اچھا معلوم ہوتا ہے ۔ کبیر اللہ تعالٰٰی کا نام ہے اور پیر بخش جو پہلا نام ہے اس میں تھوڑا سا تصرف کرنے سے کبیر بخش ہوجاتا ہے زیادہ فرق بھی نہیں ہوا ۔ ان صاحب نے سب باتیں سیدھی طرح کہہ ڈالی تھیں اس کی طرف تعریف فرماتے رہے کہ میرا بڑا جی خوش ہوا ۔ سب باتیں صاف صاف کہہ ڈالیں کہیں الجھن نہیں ہوتی ۔ سیدھی مسلمانوں والی بات ۔ ملفوظ ( 607) بعد از اصراط قبولیت ہدیہ ایک صاحب نے کچھ روپیہ اور چھپے ہوئے دسترخوان اور تو شک نذر کئے ۔ فرمایا کہ آپ تو ہمیشہ دیتے رہتے ہیں ۔ پہلی چیزیں بھی رکھی ہوئی ہیں ۔ بہت شرمندہ کرتے ہیں ۔ روپیہ بھی دسترخوان بھی تو شک بھی ۔ زیادتی ہے مجھے بڑی شرم آتی ہے ۔ ایسا کیجئے گا کہ روپیہ تو مجھے دیدیجئے ۔