ملفوظات حکیم الامت جلد 17 - یونیکوڈ |
|
فرمایا کہ جوابی رجسڑی بھیجنا بے تہذیبی ہے گویا مرسل الیہ کو غیر معتبر سمجھا کہ لے کر مکر جائے گا اسی طرح ہمارے مدرسہ میں کوئی روپیہ داخل کرکے رسید طلب کرتا ہے تو میں روپیہ واپس کردیتا ہوں کہ اگر ہم پر اعتماد نہیں ہے تو روپیہ ہی کیوں دیتے ہوں اور اگر اعتماد ہے تو پھر رسید طلب کرنے کے کیا معنی ؟ ملفوظ ( 405) میری سختی کا مقصد ایک بار فرمایا کہ محض ملاقات کیلئے کوئی آئے اور اپنی اصلاح کا قصد نہ ہو تو پھر خوش اخلاقی کی توقع بے جا نہیں اور اگر اصلاح کی قصد ہے تو پھر اصلاح تو اصلاح کے طریقہ سے ہوگی ۔ اگر کوئی شخص طبیب کے پاس محض ملاقات کیلئے آتا ہے تو اس کو شربت بھی پلا دیا جاتا ہے پان بھی کھلایا جاتا ہے ہر طرح کی خاطر تواضع کی جاتی ہے لیکن کوئی مریض علاج کی غرض سے آتا ہے تو اس کو کڑوی کڑوی دوائیں اور مسہل ہی دیئے جاتے ہیں ۔ ایک شخص اپنے قلب کو میرے سپرد کرتا ہے کہ اس کی اصلاح کرو ۔اگر اس میں کوئی بات قابل اصلاح دیکھو اور محض دل شکنی کے خیال سے مروت میں آکر اس کی روک ٹوک اور داروگیر نہ کروں تو یہ خیانت ہے اور چوری ہے جو بات قابل اصلاح ہوگی اس پر مواخذہ کرنا مجھ پر واجب ہے جب تک میں نے اپنے ذمہ اصلاح کا کام سمجھ رکھا ہے جبھی تک میری بد اخلاقی ہے اور جس روز میں نے یہ کام چھوڑا ۔ انشاءاللہ خوش اخلاقی کا بھی نمونہ بن کے دکھا دوں گا اور عنقریب ایسا ارادہ ہے کیونکہ بفضلہ اب تبلیغ بالکل کافی ہوچکی سب کے کانوں میں یہ باتیں پہنچ چکی ہیں ۔ اب تو لست علیہم بمصیطر پرعمل کرنے جی چاہتا ہے میرے سختی قصد ہوتی ہے مغلوبیت کی وجہ سے نہیں ہوتی ۔ میرا تجربہ ہے کہ بلا سختی کے اصلاح ہو نہیں سکتی دوسروں ہی کے نفع کے لئے یہ سختی کرتا ہوں ۔ ورنہ مجھے خوامخواہ جھک جھک چق چق کرنے سے سوائے تکلیف کے کیا نفع حاصل ہوتا ہے ایک بار فرمایا کہ مجھکو حیا اس قدر ہے کہ اپنی طرف سے کسی پر داورگیر کرنا نہایت گراں ہوتاہے ۔ ( احقر کو ایک واقعہ یا د آیا بریلی کے سفر میں ایک صاحب نے ریل میں نماز بیٹھ کر پڑھی احقر سے فرمایا کہ مجھے کہتے ہوئے شرم آتی ہے لیکن جب میں اسٹیشن پر اترو تو آپ میری طرف سے ان سے کہدیجئے گا کہ فرض نماز میں قیام بشرط قدرت فرض ہے ۔ ریل میں بھی اگر کھڑا ہوسکے گو کسی قدر تکلیف ہوتو فرض نماز کھڑے ہوکر ادا کرے ورنہ نماز نہیں ہوتی سنتیں چاہے بیٹھ کر پڑھ لے ان کو مسئلہ معلوم نہیں ہے ۔ نمازی آدمی معلوم ہوتے ہیں خوامخواہ بیچاروں کا نقصان ہورہاہے مطلع کردینا چاہیے )