ذبح کا مسنون طریقہ
مسئلہ(۶۴): حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے سیاہی وسفیدی مائل رنگ کے سینگوں والے دومینڈھوں کی قربانی کی، اپنے دست مبارک سے ان کو ذبح کیا، اور ذبح کرتے وقت ’’ بسم اللہ واللہ اکبر‘‘ پڑھا، میں نے دیکھا کہ اس وقت آپ ﷺاپناپاؤں ان کے پہلو میں رکھے ہوئے تھے، اور زبان مبارک سے ’’ بسم اللہ واللہ اکبر‘‘ کہتے جاتے تھے۔ [صحیح بخاری ومسلم] (۱)
ایک اور روایت میں ہے کہ آپ ﷺنے ان مینڈھوں کو قبلہ رخ لٹا کر یہ دعا پڑھی: {إنِّيْ وَجَّہْتُ وَجْہِيَ لِلَّذِيْ فَطَرَ السَّمٰوَاتِ وَالأرْضَ عَلٰی مِلَّۃِ إبْرَاہِیْمَ حَنِیْفًا وَّمَا أنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْن ، إنَّ صَلٰوتِيْ وَنُسُکِيْ وَمَحْیَايَ وَمَمَاتِيْ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ ، لا شَرِیْکَ لَہٗ وَبِذٰلِکَ أمِرْتُ وَأنَا أوَّلُ الْمُسْلِمِیْنَ ، اَللّٰہُمَّ مِنْکَ وَلَکَ عَنْ مُحَمَّدٍ وَأمَّتِہٖ بِسْمِ اللّٰہِ وَاللّٰہُ أکْبَرُ} ۔ (۲)
اس لیے جب قربانی کا جانور قبلہ رخ لٹائے تو پہلے اوپر ذکر کردہ آیت پڑھنا بہتر ہے، اور ذبح کرنے سے پہلے یہ دعا اگر یاد ہو تو پڑھے: ’’ اَللّٰہُمَّ مِنْکَ وَلَکَ ‘‘ پھر ’’ بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُ اَکْبَرُ ‘‘ کہہ کر ذبح کرے، اور ذبح کرنے کے بعد یہ دعا اگر یاد ہو تو پڑھے: ’’ اَللّٰہُمَّ تَقَبَّلْہُ مِنِّيْ کَمَا تَقَبَّلْتَ مِنْ حَبِیْبِکَ مُحَمَّدٍ وَخَلِیْلِکَ إبْرَاہِیْمَ عَلَیْہِمَا الصَّلاۃُ وَالسَّلامُ ‘‘ ۔- اور اگر کسی اور کی طرف سے ذبح کررہا ہے تو ’’ مِنِّيْ‘‘ کی جگہ ’’ مِنْ فُلانٍ‘‘ کہے، اور فلان کی جگہ اس کا نام لے لے۔(۳)
------------------------------
(۱)(قربانی کے مسائل کا انسائیکلو پیڈیا :ص/۸۰)۔(۲)(مسند احمد، ابوداؤد، ابن ماجہ ، دارمی، مشکوۃ)=