قربانی کی فضیلت:
قربانی اسلام کا ایک عظیم ، عاشقانہ، والہانہ اور بے حد فضیلت والا حکم ہے، ہرزمانے میں مسلمانوں نے نہایت محبت، عشق اور اہتمام سے اس حکم کو پورا کیا، اور پورا پورا سال اس کی تیاری اور انتظار میں گزارا، مگر اس زمانے کے ملحدین اور نام نہاد روشن خیالوں نے مسلمانوں کے دلوں سے قربانی کی اہمیت کم کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رکھا ہے، اس لیے اس بات کی ضرورت بڑھ گئی ہے کہ مسلمانوں کو عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی اہمیت اور فضیلت پوری قوت کے ساتھ بیان کی جائے اور انہیں ملحدین کے ناپاک پروپیگنڈے سے محفوظ رکھا جائے۔
قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے، انہوں نے اللہ پاک کے حکم پر اپنے اکلوتے بیٹے کی گردن پر چھری چلادی اور عشق کے امتحان میں کامیاب ہوگئے، آج ہم سے بیٹے کی گردن پر چھری چلانے کا تقاضانہیں کیا گیابلکہ اپنے پاکیزہ مال سے ا یک حلال جانور خرید کر ذبح کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم پورے ذوق وشوق اور اہتمام کے ساتھ اس حکم کو پورا کریں اور اس میں بڑھ چڑھ کر سبقت کریں۔ (اسلامی مہینوں کے فضائل واحکام)
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا:
’’یوم النحریعنی عید الاضحی کے دن اولادِ آدم کا کوئی عمل اللہ تعالیٰ کو قربانی سے زیادہ محبوب نہیں ہے ، اور قربانی والا جانور قیامت کے دن اپنے سینگوں اور بالوں اور کھُروں کے ساتھ آئے گا، اور قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے، اللہ تعالیٰ کی رضا اور مقبولیت کے مقام پر پہنچ جاتا ہے، پس اے اللہ کے بندو پوری خوشدلی کے ساتھ قربانی کیا کرو۔‘‘
(ترمذی،ابن ماجہ، مشکوۃ)