ملفوظات حکیم الامت جلد 17 - یونیکوڈ |
|
کردیا تھا ۔ تین چار دفعہ کہنے کے بعد آکر بیٹھے اور آخر میں بیٹھتے بیٹھتے یہ بھی کہا کہ مجھے تو پیچھے بیٹھنا چاہیے ۔ ان صاحب نے پھر معذرت کی کہ مجھ سے غلطی ہوئی ۔ فرمایا کہ غلطی کیوں ہوئی ۔ کوئی بچے ہو ۔ دودھ پیتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سامنے بیٹھے ہوئے لحاظ آیا فرمایا کہ یہ کیسا لحاظ ہے ۔ یہ کیسا ادب ہے کہ زبان سے جو کہوں اس کے تو خلاف کیا جائے اور جواب اپنی رائے سے تجویز کرلیا اس پر عمل کیا جائے ۔ سبحان اللہ کیسا اچھا ادب ہے ۔ کیسی اچھی تعظیم ہے ۔ کچھ عقل بھی ہے جس کے ساتھ اعتقاد ہو اس کی مخالفت تو نہ کرنا چاہیے ۔ وہ جو کہے کرے ۔ پھر ایک تو سرسری کہنا ہوتا ہے میں نے تاکید کے ساتھ کہا تھا ۔ اور جب آکر بیٹھتے تو پھر واہیات بک بک لگائی ۔ کہ مجھے تو پیچھے بیٹھنا چاہیے ۔ بھلا اس کی کیا ضرورت تھی ۔ کیا یہی انسانیت ہے یہی تہذیبی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرید کرلیجئے ۔ فرمایا کہ میں نہیں کرتا ایسے کو مرید جس میں صرف ادب ہو اطاعت نہ ہو ۔ یا یہاں رہ کر میرا اطمینان کردو ۔ یہ بتلایئے کتنے دن رہ سکتے ہو ۔ انہوں نے کہا کہ جتنا حضور فرما دیں ۔ حضرت نے فرمایا کہ میں تو دس برس کہتا ہوں ۔ رہوگے دس برس ۔ انہوں نے کہا کہ دس برس تو نہیں رہ سکتا ۔ فرمایا کہ پھر یہ کیوں بکا تھا کہ جتنا آپ کہیں ۔ میں نے پوچھا کتنے دن رہ سکتے ہو ۔ تم نے یہ کہا کہ جتنا آپ ۔ پھر جب میں نے کہا دس برس رہوگے تو لگے حیلے کرنے ۔ پھر پہلے ہی کیوں یہ کہا تھا کہ جتنا آپ کہیں ۔ پھر آپ کہیں میرے اوپر کیوں بوجھ ڈالتے ہو ۔ اور جو میرے ہی اوپر رکھا تھا تو پھر بھاگتے کیوں ہو ۔ رہو دس برس ۔ کرلونگا مرید ۔ اور اگر اس دس برس میں میں مرگیا یا تم مرگئے تو مجبوری ہے ۔ پھر فرمایا کہ دیکھو تم لوگ ایسی تکلیف دیتے ہو ۔ سیدھا جواب دو تو کام شروع ہو ۔ میرے سیدھے سوال کا الٹا جواب ملتا ہے ۔ یہ کونسی تہذیب ہے اب بھی سیدھا جواب دیدو اس پر وہ صاحب خاموش بیٹھے رہے ۔ فرمایا کہ اب میری بات کا جواب بھی نہیں ملتا ۔ دیکھو اتنا وقت میرا ضائع کیا ۔ اول تو آتے ہی جھک جھک ہوئی ۔ پھر معاملہ کی بات پوچھی کہ کتنارہ سکتے ہو تو اس کا کیا خوبصورت جواب ملا کہ جتنا آپ کہیں ۔ اب سیدھا جواب مانگتا ہوں تو خاموش بیٹھے ہوں ۔ اس قدر تکلیف دیتے ہیں آُپ لوگ ۔ اس پر ان صاحب نے کہا کہ میں پانچ روزہ رہ سکتا ہوں ۔ فرمایا کہ پانچ روز میں حال نہیں معلوم ہوسکتا ۔ اور تم نے بیٹھتے ہی اپنے کمالات ظاہر کرنے شروع کردیئے ۔ اس سے اور بھی