ملفوظات حکیم الامت جلد 17 - یونیکوڈ |
|
بھی احتمال ہوگیا تھا کہ کہیں یہ بات حافظ جی سے جاکر نہ کہہ دے اس لئے میاں نیاز سے کہا کہ اس کو واپس بلا لاؤ ۔ لیکن وہ پہنچ چکاتھا ۔ اور اس نے بلا ضرورت جاتے ہی حافظ جی سے وہی بات کہنا شروع کردی تھی ۔ حضرت کو بہت ناگوار ہوا ۔ اس کو بہت ڈانٹا کہ میں نے تم سے یہ کہا تھا کہ تم جاکر یہ پیغام حافظ جی کو پہنچادو ۔ حافظ جی سے کہنے کی کیا ضرورت تھی ۔ میں نے تمہاری خیر خواہی کیلئے مشورہ دیا تھا کہ بھائی غریب آدمی ہیں سستی کتاب مل جائے تم نے اس خیرخواہی کا یہ بدلہ دیا تھا تم میرا حافظ جی سے رنج کرانا چاہتے ہو ۔ وہ سمجھیں گے کہ یہ خریداروں کو میرے یہاں آنے سے روکتا ہے ۔ اس نے کہا غلطی ہوئی مجھے طریقہ نہیں معلوم تھا ۔ فرمایا کہ یہ تو موٹی بات تھی اس میں طریقہ جاننے کی کیا حاجت تھی ۔ پھر اس سے فرمایا کہ جاؤ اب ہم تمہاری مدد نہیں کرتے ۔ پھر فرمایا کہ دیکھئے یہ رائے دینے کا نتیجہ ہے ۔ رائے کا تو حاصل یہ ہے کہ تو ایسا کر پیام تو نہیں دیا جاتا تاکہ تو جاکر ایسا کہہ آ۔ اللہ توبہ طبیعتیں کیسی بھدی ہیں اس طرح محمد عمر سے میں نے کہا تھا کہ تمہیں قاری صاحب سے مشق کرنی کی ضرورت نہیں ہاں مخارج ٹھیک کرلو ۔ آپ نے جاکر قاری صاحب سے کہہ دیا کہ اس نے یہ کہا ہے ۔ کئی دن تک اس بات کا رنج رہا قاری صاحب کو کہ میری مشق کو ایسا سمجھا ۔ اسی وجہ سے میں کسی کو رائے نہیں دیا کرتا کہ مخاطب ماشاءاللہ آج کل بہت صحیح المذاق اور صحیح الحس ہیں ۔ یہ رائے دینے کا نتیجہ ہے ۔ جب یہ پوچھا کہ حافظ جی سے جاکر کہنے کی کیا ضرورت تھی ۔ تو اس کا یہ جواب ملا مجھے طریقہ نہیں معلوم تھا ۔ بھلا اس میں طریقہ معلوم کرنے کی کیا ضرورت تھی کیا میرے یہاں کے کوئی خاص طریقے ہیں ۔ یہ موٹی باتیں ہیں ۔ کیا یہ باتیں مخصوص ہیں میرے ساتھ ۔ یہ تو عام باتیں ہیں ۔ لاحول ولا قوۃ ۔ اب افسوس ہورہا ہے کہ کیوں میں نے رائے دی تھی ۔ میں تو ہمیشہ کہا کرتا ہوں کہ میری خوش خلقی سبب ہوجاتی ہے بدخلقی کا ۔ اگر شروع ہی میں کہہ دیتا کہ اگر نہیں خرید سکتے تو خیر ہم کچھ مدد نہیں کرسکتے ۔ اب خیر خواہی کرنے سے دوبدخلقیاں کرنی پڑیں ۔ ایک تو کچھ مدد کا ارادہ تھا ۔ وہ بدلنا پڑا دوسرے ڈانٹ ڈپٹ کی گئی ۔ بے وجہ تکلیف ہوئی قلب کو ۔ مجھے تو احتمال بھی نہیں ہوا ۔ کہ وہاں جاکر کہہ دیگا ورنہ منع کردیتا ۔ اسکے بعد پھر اور ایک شخص کی معرفت اس طالب علیم کو تیسرالمبتدی کی قیمت بھجوادی ۔