تعلیم الاسلام مکمل- یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جواب۔ پیغمبروں نے خدا کے حکم سے بے شمار معجزے دکھائے ہیں ۔ چند مشہور معجزے یہ ہیں:۔ حضرت موسی کا عصا ( ہاتھ میں رکھنے کی لکڑی) سانپ کی شکل بن گیا اور جادوگروں کے جادو کے سانپوں کو نگل گیا۔ حضرت موسی کے ہاتھ میں خدا تعالیٰ ایسی چمک پیدا کر دیتا تھا کہ اس کی روشنی آفتاب کی روشنی پر غالب ہو جاتی تھی۔ حضرت موسی کے لئے دریائے نیل کے درمیان میں خشک راستے بن گئے اور وہ مع اپنے ساتھیوں کے ان راستوں سے دریا پار اُتر گئے۔ جب فرعون کا لشکر ان راستوں میں گزر جانے کے ارادے سے بیچ دریا میں پہنچا تو پانی مل گیا اور فرعون مع اپنے لشکر کے ڈوب گیا۔ حضرت عیسی اللہ تعالیٰ کے حکم سے مُردوں کو زندہ کر دیتے تھے ۔ مادر زاد اندھوں کو بینائی دیتے تھے۔ کوڑھیوں کو اچھا کر دیتے تھے۔ مٹی کی چڑیاں بنا کر انہیں زندہ کر کے اُڑا دیتے تھے ۔ ہمارے حضرت رسول اللہ ﷺ کا بڑا معجزہ قرآن مجید ہے کہ تقریباً ساڑھے تیرہ سو برس کا عرصہ گزر گیا لیکن آج تک عربی زبان کے بڑے بڑے عالم فاضل باوجود اپنی کوشش ختم کر ڈالنے کے بھی قرآن مجید کی چھوٹی سے چھوٹی سورة کے مثل بھی نہ بنا سکے اور نہ قیامت تک بنا سکیں گے۔ دوسرا معجزہ آنحضرت ﷺ کا معراج ہے۔ تیسرا معجزہ شَقُّ القمر ہے۔ چوتھا معجزہ حضور ﷺ کا یہ ہے کہ آپ نے خدا تعالیٰ کے بتانے سے بہت سی آنے والی باتوں کی اُن کے ہونے سے پہلے خبر دی اور وہ اُسی طرح ہوئیں۔ پانچواں معجزہ حضور ﷺ کا یہ ہے کہ حضور ﷺ کی دعا کی برکت سے ایک دو آدمیوں کا کھانا سینکڑوں آدمیوں نے پیٹ بھر کر کھا لیا۔ اس کے علاوہ حضور سرور عالم ﷺ کے سینکڑوں معجزے ہیں جو تم بڑی کتابوں میں پڑھو گے۔سوال۔معراج کسے کہتے ہیں؟